اڈپی، 10 / دسمبر (ایس او نیوز) کونکن ریلوے کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹرینوں پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے یا پھر غیر مجازی طور پر ٹرین میں گھومنے پھرنے کے لئے نومبر کے مہینے میں 2.33 کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔
بتایا گیا ہے کہ کونکن ریلوے کارپوریشن کی طرف سے نومبر کے مہینے میں خصوصی ٹکٹ چیکنگ کی 1,070مہمیں چلائی گئیں جس کے دوران 42,965 ہزار ایسے افراد ہاتھ لگے جو یا تو بغیر ٹکٹ کے سفر کر رہے تھے یا غیر مجاز طور پر ٹرین میں گھوم پھر رہے تھے ۔ جس کے بعد ان افراد پر لگائے گئے جرمانے کی صورت میں 2.33 کروڑ روپے وصول ہوئے ۔
ریلوے کے افسران نے بتایا کہ ٹرین میں سفر سے متعلقہ قوانین کے نفاذ کے لئے سال بھر اقدامات کیے جاتے ہیں ۔ امسال جنوری 2025 سے نومبر تک ٹکٹ چیکنگ کی 7,843 خصوصی مہمیں چلائی گئیں جس کے دوران 2,90,786 ایسے افراد کی نشاندہی ہوئی جو یا تو بغیر ٹکٹ کے سفر کر رہے تھے یا پھر غیر مجاز طریقے ٹرینوں میں گھوم پھر رہے تھے ۔ ان لوگوں سے جرمانے کی شکل میں 17.83 کروڑ روپے وصول کیے گئے ۔
کونکن ریلوے کارپوریشن لمیٹڈ نے آگاہ کیا ہے کہ کونکن ریلوے کے تمام سیکشنس میں سختی کے ساتھ ٹکٹ چیک کرنے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ اس لئے مسافروں کو باضابطہ طور پر ٹکٹ خرید کر ہی ٹرین میں چڑھنا چاہیے تا کہ سفر کے دوران انہیں مسائل کا سامنا کرنے کی نوبت نہ آئے اور دیگر مسافروں کے لئے کوئی زحمت نہ ہو ۔