کاروار، 9 دسمبر (ایس او نیوز): اُترکنڑا ضلع پنچایت کے چیف ایگزی کوٹیو آفیسر ڈاکٹر دلیش ششی نے سرکاری دفاتر میں تمام کاموں کے فائل ریکارڈ اور حاضری کے نظام کو انتہائی منظم رکھنے کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہ برتیں۔وہ منگل کو تعلقہ پنچایت ہال میں منعقدہ ترقیاتی جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
ڈاکٹر ششی نے کہا کہ تعلقہ اور گرام پنچایت سطح کے افسران، نیز مختلف سرکاری محکموں کے اہلکار، اپنی حدود میں آنے والے سرکاری اسکولوں، آنگن واڑی مراکز اور سرکاری ہاسٹلز کا ہر ماہ معائنہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ صفائی، کھانے کے معیار، عملے کے کام کے طریقۂ کار اور حاضری سے متعلق معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی شکایت موصول نہ ہو—یہ متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے تعلیمی محکمے کے تحت بچوں کی تعلیمی سطح اور نتائج بہتر بنانے کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور ضروری مشورے بھی پیش کیے۔ اسی طرح ’اکشرا داسوہا‘ اسکیم کے تحت کھانے کی تقسیم میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دینے کی ہدایت بھی دی۔
محکمہ پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور سماجی فلاح و بہبود کے تحت چلنے والے ہاسٹلز میں بچوں کی سکیورٹی کو اولین ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلقہ سطح کے افسران کم از کم مہینے میں ایک بار ہاسٹلز کا دورہ کریں، جاری رپورٹ جمع کرائیں، بنیادی سہولیات، بایومیٹرک سسٹم، حاضری اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیں، بچوں سے بات چیت کریں اور ان کے مسائل معلوم کریں۔
ڈاکٹر ششی نے کہا کہ محکمہ خواتین و اطفال ترقی کو اپنے اخراجات، جاری کاموں اور متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کی رپورٹ باقاعدگی سے ضلع پنچایت کو روانہ کرنی چاہیے۔ اسی طرح مختلف محکموں میں جاری ترقیاتی کام، عملے کی کمی، اخراجات اور دیگر مسائل کی متعلقہ رپورٹس بھی وقت پر پیش کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ٹھوس فضلہ نکاسی مرکز ( یعنی سولیڈ ویسٹ ڈسپوزل یونٹ ) میں آئندہ دو ماہ کے اندر زیادہ سے زیادہ کچرا صاف کیا جائے اور اخراجات کے مطابق گھروں، دکانوں اور ہوٹلوں سے ٹیکس وصولی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے سوچھ کمپلیکس یونٹ کے تحت، صفائی کی گاڑیوں کا استعمال اور دیکھ بھال بھی مؤثر طریقے سے کی جانی چاہیے۔ نریگا اسکیم کے تحت سالانہ اہداف حاصل کرنے کے لیے گرام پنچایت، محکمہ جنگلات اور باغبانی کے درمیان بہتر تال میل ضروری ہے۔جن گرام پنچایتوں میں کاموں کی تکمیل کی رفتار کم ہے، وہ فوری اقدامات کرکے رپورٹ ضلع پنچایت کو روانہ کریں۔ای-کے وائی سی کی پیش رفت بھی بہتر بنائی جائے اور مزدوروں کی مشکلات سے متعلق معلومات ضلع پنچایت تک پہنچائی جائیں۔
اس اجلاس میں محکمہ ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری ایم ایس اللہ بخش، پروجکٹ ڈائرکٹر کریم اسعدی، چیف پلاننگ آفیسر سوم شیکھر میستا، چیف اکاؤنٹنگ آفیسر آنند حبیب، تعلقہ پنچایت کے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر دیانند نائک، ایگزیکٹو آفیسر دیوراج ہٹلاکوپّا کے علاوہ تعلقہ اور گرام پنچایت کے افسران و دیگر عملہ موجود تھا۔