کاروار، 29 / اکتوبر (ایس او نیوز) کرناٹکا - گوا کی سرحد پر موجود پولیس چیک پوسٹ پر کارروائی دوران کسی بھی قسم کے دستاویزی جواز کے بغیر ایک کروڑ روپے منتقل کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ چیک پوسٹ پر صبح کے وقت پولیس کی ایک ٹیم حسب معمول موٹر گاڑیوں اور مسافروں کے بیگیج کی تلاشی لے رہی تھی ۔ اس موقع پر ایک پرائیویٹ بس میں سفر کر رہے ایک مسافر کی بیگ پر شبہ ہونے کی وجہ سے اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے اندر ایک کروڑ روپے پائے گئے ، جس کے بارے میں مذکورہ مسافر کوئی دستاویزی جواز پیش نہیں کر سکا ۔ جس کے بعد پولیس نے دستاویز کے بغیر رقم منتقلی کی کوشش کرنے کے الزام میں راجستھان کے کلبیش کمار اور اس کے ساتھی بھمرو کمار کو گرفتار کیا اور مذکورہ رقم ضبط کر لی ۔
پولیس کے بیان کے مطابق ضبط شدہ رقم کا مالک کون ہے اور یہ کن ذرائع سے یہ رقم حاصل کی گئی ہے اس کے بارے میں ابھی کوئی مصدقہ بات پتہ نہیں چلی ہے ۔ البتہ شبہ ہے کہ اس کا تعلق حوالہ کاروبار سے ہوگا یا پھر الیکشن سے متعلقہ سیاسی فنڈ بھی ہو سکتا ہے ۔ اس کی تفتیش کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ کرناٹکا - گوا سرحد پر ماجالی کے پاس پولیس کی طرف سے مسافروں اور گاڑیوں کی تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے ۔
اس ضمن میں سداشیوگڑھ کے چیتاپور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔
