ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں فرضی ریڈیئیشن لیک کی کامیاب مشق؛ ڈپٹی کمشنر نے کہا؛ انتظامیہ نے تمام مراحل مؤثر طریقے سے مکمل کیے

کاروار: کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں فرضی ریڈیئیشن لیک کی کامیاب مشق؛ ڈپٹی کمشنر نے کہا؛ انتظامیہ نے تمام مراحل مؤثر طریقے سے مکمل کیے

Thu, 11 Dec 2025 19:38:21    S O News
کاروار: کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں فرضی ریڈیئیشن لیک کی کامیاب مشق؛ ڈپٹی کمشنر نے کہا؛ انتظامیہ نے تمام مراحل مؤثر طریقے سے مکمل کیے

کاروار 11/ڈسمبر (ایس او نیوز) : کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ریڈیئیشن لیک کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے جمعرات کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد کی گئی فرضی مشق کامیاب رہی۔ ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بتایا کہ ہنگامی حالت میں کئے  جانے والے تمام مراحل مؤثر انداز میں مکمل کیے گئے ہیں۔ صبح 6:30 بجے کائیگا سائٹ ایمرجنسی ڈائریکٹر کی جانب سے فیکس اور ای میل کے ذریعے موصول ہنگامی اطلاع کی بنیاد پر پلانٹ میں ریڈیئیشن لیک کی فرضی صورتحال پیدا کی گئی، جس کے بعد زون L کے ہرتوگا، گولے اور نگے کووے جبکہ زون M کے کُوچیگار، شِروے، کیروڈی اور دیول مکّی کو متاثرہ دیہات قرار دیا گیا۔

اطلاع ملتے ہی صبح 6:45 بجے ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں ہنگامی میٹنگ ہوئی اور تمام محکموں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو فوراً فعال کردیا گیا۔ صبح 7 بجے PAR-1 رپورٹ موصول ہونے کے بعد پولیس نے متاثرہ زونوں کی طرف جانے والے تمام راستوں پر بیریکیڈز لگا کر ٹریفک بند کیا۔ پنچایت اور تحصیل عملے کے ذریعے دیہات میں عوام کو احتیاطی ہدایات بھی پہنچائی گئیں۔

karwar-kaiga-mock-drill-2

انتظامیہ نے واضح کیا کہ ریڈیئیشن یعنی تابکاری کی مقدار بہت کم ہے اور عوام کے لئے کوئی بڑا خطرہ نہیں، تاہم مکمل احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کی افواہوں پر یقین نہ کرنے اور صرف انتظامیہ کے سرکاری اعلانات پر بھروسہ کرنے کی اپیل کی گئی۔

محکمہ صحت  نے متاثرہ دیہات میں آئی ٹی بی گولیاں تقسیم کیں، جبکہ آنگن واڑی مراکز، اسکول اور کالجوں کو اگلے حکم تک بند کردیا گیا۔ عوام کو مقامی کھانا یا پانی استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی گئی اور انتظامیہ کی طرف سے باہر سے تیار شدہ فوڈ پیکٹس اور پینے کے پانی کی بوتلیں فراہم کی گئیں۔ نقل و حمل کے لئے RTO اور KSRTC نے خصوصی گاڑیوں کا انتظام کیا۔

ہرٹوگا گاؤں کے لوگوں کو جویڈا تعلقہ کے کمباراواڈا کمیونٹی ہال منتقل کیا گیا، جبکہ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ دوسرے دیہات میں جہاں تابکاری پھیل رہی تھی وہاں کے عوام کو محکمہ صحت کے ذریعے اسکریننگ کرانے کی ہدایت کی گئی، ساتھ ساتھ انہیں اس بات کی بھی ہدایت دی گئی  کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر کا سفر نہ کریں اور مقامی طور پر تیار کردہ کھانا اور پانی استعمال نہ کریں۔ انخلا کے دوران متاثرہ علاقے سے نکلنے والے شہریوں، مویشیوں اور گاڑیوں کو مناسب طریقے سے آلودگی سے پاک کیا گیا اور آلودگی سے پاک کرنے کے لیے استعمال ہونے والے پانی اور دیگر آلات کو قواعد کے مطابق منظم اور محفوظ طریقے سے تلف کیا گیا۔

karwar-kaiga-mock-drill-3

دوپہر 2:10 بجے کائیگا نیوکلئیر پاور پلانٹ کے سائٹ ڈائریکٹر اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اطلاع دی گئی کہ فرضی ریڈیئیشن کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر قابو میں کرلیا گیا ہے اور ماحول میں کسی بھی نقصان دہ سطح کا کوئی اثر موجود نہیں۔ عوام کو یقین دلایا گیا کہ وہ بلا خوف اپنی روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

اس مشق میں ضلع پنچایت کے چیف ایکزی کوٹیو آفسر (سی ای او) ڈاکٹر دلیش ششی، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این، ڈی ایف او ۔روی شنکر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد مُلّا، ڈپٹی ڈیویژنل افسر  شروَن کمار،  آئی اے ایس ٹرینی آفیسر جوفیشان حق، NDRF، کوسٹ گارڈ، CISF، پولیس، فائر بریگیڈ، ہوم گارڈز، محکمہ تحصیل، صحت اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران نے حصہ لیا۔ اس دوران جنگلات میں آگ بجھانے کی ایک الگ مشق بھی ویرجے گاؤں کے جنگلاتی علاقے میں کامیابی سے انجام دی گئی۔

Click here for report in English


Share: