کاروار 21/نومبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کے۔ لکشمی پریا نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی غنڈہ گردی اور حملہ آوری پر قابو پانے کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور تمام رہنما ہدایات پر لازمی طور پر عمل درآمد کیا جائے، اور مقررہ مدت کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کی جائے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو ڈپٹی کمشنر آفس کے میٹنگ ہال میں آوارہ کتوں کے بڑھتے حملوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات کے نفاذ پر منعقدہ جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، اسپتالوں، پرائمری ہیلتھ سینٹروں، میڈیکل کالجوں، کھیل کے میدانوں، بس اسٹینڈ، بس ڈپو، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر عوامی مقامات پر آوارہ کتوں کی تعداد کو مقررہ وقت کے اندر شناخت کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں آوارہ کتے شناخت ہوں، وہاں شہری بلدیاتی ادارے ترجیحی بنیاد پر انہیں پکڑ کر محفوظ مقامات پر باڑ لگا کر یا مناسب پنجروں میں رکھیں، اور ضرورت کے مطابق ان کی نس بندی (اسٹرلائزیشن) کی جائے۔ اس سلسلے میں قریبی گرام پنچایتوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بس اسٹینڈ اور ریلویے اسٹیشنوں میں کتوں کی غنڈہ گردی کی ایک بڑی وجہ وہاں کھانا پھینکنا اور کچرا جمع ہونا ہے۔ اس لیے متعلقہ محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان مقامات پر کھانے کے فضلات اور دیگر کچرے کی تہہ نہ جمے تاکہ کتے وہاں جمع نہ ہوں۔ اسی طرح ریاستی اور قومی شاہراہوں پر آوارہ کتوں کی موجودگی کو روکنے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پی ڈبلیو ڈی کو بھی مناسب اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کیلئے آوارہ کتوں کے حملوں کی صورت میں کی جانے والی ابتدائی طبی امداد اور احتیاطی تدابیر سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔ محکمہ صحت کو بھی ہدایت دی گئی کہ ضلع میں ربیٹس ویکسین کی کوئی کمی نہ ہونے پائے۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران سے کہا کہ ریاستی حکومت کو آوارہ کتوں کی اس صورتحال پر سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کرنی ہے، اس لیے ہر محکمہ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے مقررہ وقت کے اندر تمام کارروائیاں مکمل کرے اور متعلقہ دستاویزات کے ساتھ رپورٹ جمع کرے۔
میٹنگ میں ضلع پنچایت چیف ایکزی کوٹیو آفسر ڈاکٹر دلیش ششی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد مُلّا ، ٹاون پلاننگ ڈائرکٹر زہیر عباس محکمہ مویشی پالن کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر موہن کمار سمیت مختلف محکموں کے افسران شریک تھے۔