ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: مغربی کرناٹک گریجویٹس حلقے کے انتخابات کے لیے افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت

کاروار: مغربی کرناٹک گریجویٹس حلقے کے انتخابات کے لیے افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت

Tue, 13 Oct 2026 18:15:55    S O News
کاروار: مغربی کرناٹک گریجویٹس حلقے کے انتخابات کے لیے افسران کو محتاط رہنے کی ہدایت

کاروار، 13/ اکتوبر (ایس او نیوز )اُترکنڑا کے   ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا نے کہا  کہ انتخابی ڈیوٹی ایک انتہائی اہم اور ذمہ داری والا کام ہے، اس لیے انتخابی عمل کے لیے مقرر کیے گئے ہر افسر اور ملازم کو پوری احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔

 ڈپٹی کمشنر دفتر میں مغربی کرناٹک گریجویٹس حلقے کے انتخابات کے لیے مقرر پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کے تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی عملے کو انتخابات کے تمام مراحل کی مکمل معلومات ہونی چاہئیں اور کسی بھی چھوٹی غلطی سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ افسران کی معمولی سی کوتاہی بھی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے چار اضلاع میں کی جانے والی تیاریوں کو متاثر کرسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے بیشتر مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور ووٹر فہرست کو حتمی شکل دینے کے ساتھ بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی ہوچکی ہے۔ ضلع میں مجموعی طور پر 23+2 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں اور ہر پولنگ مرکز کے لیے مائیکرو آبزرور مقرر کیے گئے ہیں۔ 22 اکتوبر کو پولنگ سے ایک دن قبل تعلقہ تحصیلدار دفاتر میں انتخابی سامان کی تقسیم اور عملے کی روانگی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ تمام اہلکاروں کو انتخابی کمیشن کی ہدایات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تربیت ضلع کے ماسٹر ٹرینر آنند نائک نے دی۔


Share: