کاروار، 3 / مارچ (ایس او نیوز) شہر کے ضلع پنچایت میٹنگ ہال میں منعقدہ کے ڈی پی میٹنگ کے دوران افسران کی طرف سے فراہم کردہ معلومات پر بے اطمینانی ظاہر کرنے کے بعد ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے تبصرے سے ناراض ہو کر انکولہ - کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل نے میٹنگ سے واک آوٹ کیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق وزیر منکال وئیدیا کی صدارت میں چل رہی کے ڈی پی میٹنگ میں سرکاری اسپتالوں کی خراب حالت اور افسران کی طرف سے فراہم کی گئی غلط معلومات پر رکن اسمبلی ستیش سئیل ناراض ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ کے دوران محکمہ صحت عامہ کے افسر نے کہا " ضلع کے اسپتالوں میں دوا کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ تمام دوائیں وافر مقدار میں اسٹاک کی گئی ہیں ۔" اس پر برہم ہو کر ستیش سئیل نے چٹکی لیتے ہوئے پوچھا کہ کاروار تعلقہ کے ہالگا گرام میں موجود پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹر ہی موجود نہیں ہے ۔ جب اسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنے کے لئے ڈاکٹر ہی موجود نہیں ہیں تو پھر مریضوں کو دوائیں کون دے رہا ہے ؟"
اس دوران وزیر منکال وئیدیا نے مداخلت کرتے ہوئے ستیش سئیل سے کہا کہ اگر ڈاکٹروں کی کمی ہے تو پھر آپ ہی ڈاکٹروں کو بلا کر لائیں ۔ تعلقہ سطح کے مسائل پر یہاں بحث نہ کریں ۔
وزیر کی اس بات پر ستیش کا پارہ اور زیادہ چڑھ گیا اور انہوں نے پلٹ کر جواب دیتے ہوئے کہا کہ افسران کی کہی ہوئی ہر بات کو سر جھکا کر سننے کے لئے میں کوئی 'انگوٹھا چھاپ' نہیں ہوں ۔ میں یہاں برائے نام بیٹھنے کے لئے نہیں آیا ہوں ۔ عوام کے مسائل کا جواب ہم کو دینا پڑتا ہے ۔ میں اس طرح کی میٹنگ میں بیٹھنا نہیں چاہتا ۔" پھر وہ یہ کہتے ہوئے میٹنگ چھوڑ کر باہر نکل گئے کہ " آپ ہی اس میٹنگ کو آگے بڑھائیے ۔"
اس موقع پر سرسی سداپور کے رکن اسمبلی بھیمنّا نائک نے ستیش سئیل کو سمجھانے اور میٹنگ سے باہر چلے جانے سے روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ نہیں مانے اور سیدھے باہر نکل گئے ۔
درمیان میں ہی میٹنگ سے نکلنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ " ہالگا، کئیگا اور ملّاپور علاقوں کے پرائمری ہیلتھ سینٹرز میں ڈاکٹرز ہی تعینات نہیں ہیں ۔ کاروار میڈیکل کالج میں کروڑوں روپوں کی ایم آر آئی مشین ٹیکنیشین نہ ہونے کی وجہ سے دھول چاٹ رہی ہے ۔ اتنے سارے مسائل رہنے کے باوجود ضلع کی ڈپٹی کمشنر اور ضلع کے پنچایت سی ای او میٹنگ کے دوران منھ بند کرکے بیٹھتے ہیں ۔ غلطیاں اور کمیاں دور کرنے یا میٹنگ کی تجاویز کا فالو اپ کرنے کا کام ضلع انتظامیہ کی طرف سے نہیں کیا جا رہا ہے ۔
کاروار میں ماہر ڈاکٹر آنے سے قدم کیوں پیچھے ہٹا رہے ہیں اس پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منگلورو جیسے بڑے شہروں کے مقابلے میں کاروار کے اندر ڈاکٹروں کے بچوں کے لئے عمدہ اور معیاری تعلیمی اداروں کی کمی ہے ۔ اسی وجہ سے ماہر ڈاکٹر یہاں رہنے میں دلچسپی نہیں لیتے ۔ انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ اسپتال جیسے کسی بڑے سرکاری منصوبے کے لئے کوشش کریں تو عوام کے منتخب نمائندوں کے بیچ پائی جانے والی اندرونی سیاست آڑے آتی ہے جس سے ترقی ہو نہیں پاتی ۔ انہوں نے تاسف کے ساتھ کہا کہ اگر میں کچھ زیادہ بولوں گا تو پھر اپنی ہی حکومت کے خلاف بولنے جیسا ہو جائے گا ۔
کالی ندی کے تعلق سے ستیش سئیل نے کہا کہ یہ ندی اب پہلے کی طرح نہیں بہتی ہے ۔ اس ندی پر پانچ جگہ ڈیم تعمیر کرکے بجلی پیدا کی جا رہی ہے ۔ اس صورت میں بھی ندی سے ریت نکالنے کا موقع نہ دینے کی وجہ سے بہت سارے مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ سمندر میں جب جوار ہوتا ہے تو پھر کیروڈی گرام تک نمکین پانی بھر جاتا ہے ۔ اس سے پینے کے پانی کا مسئلہ کھڑا ہوتا ہے ۔ ان مسائل کو حل کیا جانا چاہیے ۔
ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے رکن اسمبلی ستیش سئیل کی ناراضگی کو اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور ستیش کے تعلقات ایک طرح سے میاں بیوی جیسے ہیں ۔ وہ مجھ سے ناراض ہو کر نہیں چلے گئے بلکہ انہیں پہلے سے کوئی کام تھا، جس کے لئے انہیں چلے جانا پڑاتھا ۔