کاروار ،25 / جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے چیتاکول پولیس اسٹیشن میں ریشیل قتل معاملے سے متعلق تفتیش کے لئے بلائے گئے ایک شخص نے اپنا ہاتھ کاٹ کر خودکشی کی کوشش جس کی وجہ سے تھوڑی دیر کے لئے پولیس اسٹیشن میں افراتفری اور دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ کدرا گرام میں ریشیل نامی نوجوان لڑکی کا جو قتل ہوا تھا اس کی تحقیقات اور چراغ نامی ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے عیسائی برادری اور مقامی عوام نے سخت احتجاجی مظاہرہ کیا تھا ۔ پولیس نے اسی ضمن میں تحقیقات کے لئے چراغ کے والد چندرا ہاس کے دفتر میں ملازمت کر رہے شخص کو تفتیش کے لئے طلب کیا تھا، کیونکہ مبینہ طور پر چراغ جو موبائل استعمال کر رہا تھا اس کا سم کارڈ مذکورہ ملازم کے نام پر تھا ۔
تفصیلی جانچ کے لئے جب اس شخص کو دوبارہ چیتاکول پولیس اسٹیشن میں بلایا گیا تو ریشیل قتل معاملے سے اپنا کسی قسم کا تعلق نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے اس نے رونا دھونا شروع کیا پھر اچانک ہی اپنا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی ۔ پولیس نے فوری طور پر خون میں لت پت اس شخص کو علاج کے لئے ضلع اسپتال میں منتقل کر دیا ۔