کاروار 14/اگست (ایس او نیوز)محکمہ موسمیات اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (بینگلورو) نے اطلاع دی ہے کہ خلیج بنگال میں فضائی دباؤ میں کمی کے سبب سمندری طوفان پیدا ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ساحلی علاقوں میں خراب موسم اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
اس موقع پر اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر اور ضلع ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن لکشمی پریا نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے خبری دی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ انہوںنے ماہی گیروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک سمندر میں مچھلی پکڑنے نہ جائیں اور صرف محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی کے بعد ہی ماہی گیری کا آغاز کریں۔
عوام کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان دنوں ساحل، دریا اور دیگر آبی مقامات پر نہ جائیں۔ سیاح اور دریا کے کنارے رہنے والے افراد کو خبردارکیا گیا ہے کہ کسی بھی وقت اچانک سیلاب آسکتا ہے کیونکہ ضلع کی بیشتر ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ خطرناک درختوں کے قریب، پہاڑی ڈھلوانوں یا سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ساحل کے قریب نہ جانے دیں، اور ساحل پر کسی بھی قسم کی تفریحی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے۔
ایمرجنسی کی صورت میں 24×7 کنٹرول روم کے ٹول فری نمبر 08382-229857 یا واٹس ایپ 9483511015 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔