کاروار10/جون (ایس او نیوز): انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) اور کرناٹکا اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر (کے ایس این ڈی ایم سی) کی پیش گوئی کے مطابق ساحلی کرناٹکا، بشمول اترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا میں کل 11 جون کو اورینج الرٹ جبکہ 12 جون سے 14 جون 2025 تک کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس مدت کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ضلع اترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر کے۔ لکشمی پریا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل احتیاط برتیں اور خطرناک یا کمزور علاقوں کی جانب جانے سے گریز کریں۔
تیز ہواؤں اور شدید بارش کے ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی آفات انتظامیہ کی جانب سے عوام اور سرکاری اہلکاروں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے حالات پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مقامی معتبر میڈیا پلیٹ فارم سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔
ماہی گیروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران سمندر کا رخ نہ کریں۔ بچوں اور عوام کو نشیبی علاقوں یا، پانی سے بھرنے والے علاقوں کے ساتھ ساتھ تالاب، ندی کنارے اور سمندر کے ساحل سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ندیوں، ساحلی علاقوں اور پانی والے مقامات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرج چمک یا بارش کے دوران زرعی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ بارش کے دوران عوام، خاص طور پر بچے اور مزدور، باہر گھومنے کے بجائے کسی محفوظ اور پختہ عمارت میں پناہ لیں۔
عوام کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں، کمزور درختوں یا گرنے کے خطرے والی عمارتوں یا مکانوں کے قریب نہ جائیں، اور گرے ہوئے بجلی کے تاروں سے بھی دور رہیں۔ جو افراد خستہ حال گھروں، کمزور دیواروں یا زمین کھسکنے کے خطرے والے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ فوراً محفوظ مقامات یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے نامزد کردہ ریلیف مراکز میں منتقل ہو جائیں۔
دیہی علاقوں میں موجود افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ کمزور پلوں، چھوٹی نالہ نما گزرگاہوں یا نچلے علاقوں سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔
اگر کسی دیوار کے گرنے یا خطرناک عمارتوں کی اطلاع دینا ہو، تو عوام درج ذیل ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں:
24x7 ضلع کنٹرول روم: 229857 (08382)، وہاٹس ایپ ہیلپ لائن: 9483511015
مزید معلومات یا تعاون کے لیے عوام اپنے علاقائی تحصیلدار کے دفتر یا متعلقہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔