ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ضلع کے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا - منتخب عوامی نمائندوں سے خالی ہیں 322 گرام پنچایتیں

کاروار : ضلع کے دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا - منتخب عوامی نمائندوں سے خالی ہیں 322 گرام پنچایتیں

Tue, 24 Feb 2026 13:03:41    S O News

کاروار،  24 / فروری (ایس او نیوز) ضلع میں گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی عوام کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور آگے چل کر یہ مسئلہ بہت زیادہ دشواریوں کا سبب بننے کے آثار نظر آ رہے ہیں ۔
    
موجودہ صورت حال یہ ہے کہ دیہی علاقوں کے لوگ روز بروز پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہوتے جا رہے ہیں اور جاری سال کے لئے پینے کا پانی فراہم کرنے کے ضمن میں ابھی تک سرکاری فنڈ جاری نہیں ہوا ہے ۔  دوسری طرف ضلع کے 322 گرام پنچایتوں کے انتخابات منعقد نہ ہونے کی وجہ سے یہ پنچایتیں عوامی نمائندوں سے خالی پڑی ہیں اور یہاں سرکاری ایڈمنسٹریٹرز ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں ۔ اس لئے عوام کی ناراضگی ان سرکاری افسران کے خلاف بڑھنے لگی ہے ۔ 
    
ایسا نہیں ہے کہ دیہی علاقوں میں اس سے پہلے پینے کے پانی کی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں رہا ۔ لیکن وہاں سرکاری فنڈ جاری ہونے میں تاخیر کی صورت میں بھی عوامی منتخب نمائندے موجود ہوتے تھے اور وہ شخصی طور پر بھی پارٹی لیڈروں سے رابطے اور خیر خواہوں سے عطیہ جات وصول کرکے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی، موٹروں کی درستی، نجی کنووں سے پانی کا حصول جیسے منصوبے بناتے تھے ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے پچھلی بار جو دو کروڑ روپے سرکاری فنڈ جاری ہوا تھا وہ پوری طرح خالی ہو چکا ہے ۔ اس طرح پنچایتوں کے پاس ایمرجنسی اقدامات کے لئے فنڈ موجود نہیں ہے ۔ نیا فنڈ جاری نہیں ہوا ہے ۔ اس وجہ سے یہ معاملہ گمبھیر صورت اختیار کر رہا ہے ۔ 


Share: