ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: پرائیویٹ گاڑیوں میں کرایہ پر مسافر لے جانے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

کاروار: پرائیویٹ گاڑیوں میں کرایہ پر مسافر لے جانے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

Fri, 13 Feb 2026 10:19:02    S O News
کاروار: پرائیویٹ گاڑیوں میں کرایہ پر مسافر لے جانے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

کاروار 13/فروری (ایس او نیوز): اترکنڑا ضلع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پرئیویٹ  گاڑیوں کو کرایہ پر چلانے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کے لیے کارروائی کی جائے۔ یہ ہدایت ضلع کی ڈپٹی کمشنر  لکشمی پریا نے تمام علاقائی ٹرانسپورٹ افسران کو دی۔

کاروار ڈی ڈی دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ علاقائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی گاڑیوں میں سیاحوں کو لے جانے کے معاملے پر ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے تصاویر کے ساتھ شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس سلسلے میں مکمل جانچ کر کے قوانین کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔ ضلع میں غیر قانونی طور پر چلنے والی ٹیکسی، آٹو اور کرایہ کی بائیک کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔

آٹو رکشہ اور ٹیکسی اسٹینڈ کے تعین اور رکشوں کی حدود کار میں توسیع کے معاملے پر متعلقہ تعلقہ کے علاقائی ٹرانسپورٹ افسران، تحصیلداروں، پولیس افسران اور آٹو و ٹیکسی یونینوں کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے مناسب تجاویز ارسال کرنے کو کہا گیا، تاکہ اس پر ضروری فیصلہ لیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ رکشہ اور آٹو ڈرائیوروں کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کرے گی انہوں ٹیکسی اور آٹو رکشہ دونوں یونینیوں کو باہمی تال میل سے کام کرنے کی بھی ہدایت دی۔

ضلع کی گاڑیوں کے فضائی آلودگی سرٹیفکیٹ کو Goa میں تسلیم نہ کیے جانے کے مسئلے پر وہاں کے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی سے بات چیت کی جائے گی۔ نیز آلودگی سرٹیفکیٹ کو آن لائن درج کرنے کا معاملہ ریاستی ٹرانسپورٹ کمشنریٹ کی توجہ میں لایا جائے گا۔ ٹیکسیوں میں نصب پینک بٹن کی فعالیت اور اس سے متعلق مسائل پر بھی متعلقہ حکام سے گفتگو کی جائے گی۔

میٹنگ میں ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کو ضلع کے دیہی علاقوں میں 400 سے زائد روٹس پر چلانے کی اجازت دی گئی۔ ساتھ ہی دشوار گزار علاقوں اور نشاندہی شدہ بلیک اسپاٹس پر انتہائی احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت ڈرائیوروں کو دینے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں شریک آٹو اور ٹیکسی یونینوں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ نئی آٹو پرمٹ کی اجرائی کم از کم پانچ سال کے لیے معطل کی جائے۔ ایل پی جی اور سی این جی گاڑیوں کے لیے آلودگی سرٹیفکیٹ کی لازمی شرط، پرمٹ حدود کی خلاف ورزی، اور کرایہ کی بائیک پر پابندی سمیت مختلف مسائل بھی ضلع مجسٹریٹ کی توجہ میں لائے گئے۔

اجلاس میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، علاقائی ٹرانسپورٹ افسران جان بی مسکیت، ملیکارجنپا، رویندر کے ایس، اویناش کاویری سمیت مختلف تعلقوں سے آئے رکشہ اور ٹیکسی یونینوں کے نمائندے اور ڈرائیور موجود تھے۔


Share: