ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار ٹیگور بیچ پر "ٹریکر" آلے کے ساتھ پایا گیا پرندہ

کاروار ٹیگور بیچ پر "ٹریکر" آلے کے ساتھ پایا گیا پرندہ

Sat, 20 Dec 2025 11:54:48    S O News
کاروار ٹیگور بیچ پر "ٹریکر" آلے کے ساتھ پایا گیا پرندہ

کاروار ، 20 / دسمبر (ایس او نیوز) کاروار شہر کے ٹیگور ساحل پر ایک پرندہ 'سمندری بگلا' (سی گل) پایا گیا جس کے اوپر الیکٹرانک آلہ "ٹریکر" نصب کیا ہوا تھا ۔ 
    
کاروار کے ساحل پر ٹریکر کے ساتھ سمندری بگلا  ملنے کی خبر نے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے کہ کہیں یہ چین کی طرف سے کاروار میں موجود 'کدمبا' بحری اڈے کی جاسوسی کا معاملہ نہ ہوا ۔ 
    
اسی دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم این دیپن نے بتایا کہ  یہ سمندری بگلا 16 دسمبر کو بازیافت ہوا تھا ۔ اس کے اوپر مشتبہ آلہ نصب رہنے کی بات عوام اور کوسٹل سیکیوریٹی فورس سے متعلقہ اہلکار کے علم میں آئی ۔ اس آلے کو جانچ کے لئے فارنسک لیباریٹری میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ زخمی پرندے کو علاج اور دیکھ بھال کے لئے محکمہ جنگلات کے کالی ٹائیگر سینکچوری میں منتقل کیا گیا ہے ۔ 
    
اسی دوران پرندوں کے ماہر امیت ہیگڑے نے بتایا کہ عموماً سائبیریائی پرندوں کی ہجرت کے طریقے کا مطالعہ کرنے کے لئے محققین اس طرح کے 'کالر آئی ڈی' ٹیگ استعمال کرتے ہیں ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی تفتیش یہ بات سامنے آئی ہے کہ 'چائنیز اکیڈیمی آف سائنسس' اور سری لنکا کی طرف سے ماحولیاتی مطالعے کا مشترکہ پروگرام جاری ہے ۔ ممکن ہے کہ پرندے کے اوپر پایا جانے والا یہ ٹیگ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو ۔
    
اس ٹیگ پر انگلش میں ای میل ایڈریس کے ساتھ 'جہاں بھی ملے - رابطہ کریں ' والا میسیج بھی لکھا ہوا پایا گیا ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ یہ ٹریکر والا پرندہ چائنیز اکیڈیمی آف سائنسس سے جڑا ہوا ہے ۔
    
خیال رہے کہ اس واقعہ سے ایک سال قبل ایک گدھ کے سے منسلک کیا گیا ٹرنسمیٹر بھی بازیافت ہوا تھا جس نے ریاستی اور قومی سیکیوریٹی ایجنسیوں کو چوکنا کیا تھا ۔ اس ٹرانسمیٹر کو بھی جانچ کے لئے لیباریٹری میں بھیجا گیا تھا جس کے بعد معلوم ہوا تھا کہ یہ گدھ کی زندگی سے متعلق تحقیقاتی مطالعے کے لئے لگایا گیا ٹیگ تھا اور  اس گدھ کو تاڈوبا باندیری انوائرمنٹل فاریسٹ سے اڑایا گیا تھا ۔


Share: