کاروار 4/ اکتوبر (ایس او نیوز): ریاست کرناٹک میں بیک ورڈ کلاس کمیشن کی جانب سے عوام کی سماجی وتعلیمی صورتحال کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے جو سروے کیا جارہا ہے، اس کے تحت اُترکنڑا ضلع میں سنیچر تک 2,44,201 گھروں کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع میں سروے کا کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک 74.71 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔ یہ سروے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں بیک وقت انجام دیا جارہا ہے تاکہ ضلع کے تمام طبقات کی حقیقی سماجی و تعلیمی حالت کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔
بتاتے چلیں کہ عوام کوخود بھی اپنی اور گھر والوں کی مکمل تفصیلات سیلف ڈکلیریشن کے ذریعے آن لائن جمع کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ حکومت کی طرف سے کہا گیاہے کہ وہ سروے کرنے والوں کا انتظارکیے بغیر /https://kscbcselfdeclaration.karnataka.gov.in پر خود ہی اپنی تفصیلات جمع کرسکتے ہیں تا کہ مقررہ وقت پر سروے کا کام مکمل ہو سکے۔