کاروار یکم / مارچ (ایس او نیوز) کل جو پی یو سی سال دوم کے امتحانات شروع ہوئے تو پہلے دن ضلع کے 35 مراکز میں بھی کسی بھی قسم کی الجھن یا رکاوٹ کے بغیر طلبہ نے امتحان دیا ۔ البتہ کنڑا اور عربی زبان کے مضمون میں جملہ 149 امتحان سے غیر حاضر رہے ۔
موصولہ اعداد و شمار کے مطابق کنڑا زبان کے لئے 9,369 طلبہ نے رجسٹر کیا تھا ان میں سے 144 طالب علم حاضر نہیں ہوئے اور 9,225 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی ۔ اسی طرح عربی زبان کے لئے رجسٹرڈ 113 طلبہ میں سے پانچ طلبہ غیر حاضر رہے اور 108 طلبہ نے امتحان دیا ۔
کئی امتحانی مراکز کے احاطوں میں طلبہ کے لئے نیک خواہشات پیش کرنے والے بینرس بھی آویزاں کیے گئے تھے ۔ سینٹر کے اطراف حفاظتی بندوبست کے طور پر پولیس کو تعینات کیا گیا تھا ۔ امتحان کے دوران نقل روکنے کے لئے نگرانی کرنے والا اسکواڈ پوری طرح متحرک نظر آ رہا تھا ۔
ڈی ڈی پی آئی ستیش نائک نے بتایا کہ "امتحانی مرکز کے ہر کمرے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور ویب کاسٹنگ کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے ۔ نقل روکنے کے لئے عملہ کو پوری طرح مستعد رکھا گیا ہے ۔ پہلے دن امتحان کی کارروائی کسی بھی قسم کی دشواری کے بغیر مکمل ہوئی ۔"