منگلورو، 13 / جنوری (ایس او نیوز) شہروں کو ساحلی راستوں سے جوڑنے کی راہ میں ایک اہم اقدام کرتے ہوئے کرناٹکا میری ٹائم بورڈ (کے ایم بی) کی طرف سے دکشن کنڑا کے منگلورو سے اڈپی ضلع کے مرونتے ساحل تک مسافروں کے نقل و حمل کے لئے فیری لنک کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے ، جبکہ منگلورو اور اس کے اطراف میں واٹر میٹرو شروع کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ منگلورو سے کنداپور تعلقہ کے مرونتے تک مجوزہ سمندری سفر یا فیری کوریڈور کا فاصلہ 110 کلو میٹر ہوگا ۔ اس کا مقصد نیشنل ہائی 66 پر پیش آنے والے ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنا اور عوام کو فیری سروس جیسی سفر کی متبادل سہولت فراہم کرنا ہے ۔ اس فیری سروس کے لئے قدیم منگلورو بندرگاہ، ہیجماڈی، ملپے، کوٹا اور مرونتے کے مقامات پر جملہ پانچ اسٹاپس ہونگے ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس پبلک - پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل پر مبنی منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 37.8 کروڑ روپے ہے ۔ اس پروجیکٹ کے لئے منتخب ہونے والے پارٹنر کو 20 سال تک کے لئے رعایت ملے گی ۔ اس مقصد کے لئے کرناٹکا کے مشہور ترین ساحلوں میں شمار ہونے والے مرونتے سمیت پانچوں مقامات پر جیٹی (گودی) تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔
منگلورو میں کرناٹکا ٹورزم کی جانب سے منعقدہ کانفرنس کے دوران کرناٹکا میری ٹائم بورڈ کے افسران نے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات پیش کی تھیں ۔
مزید برآں کے ایم بی نے منگلورو اور اطراف کے لئے اپنے واٹر میٹرو پروجیکٹ کا بھی اعلان کیا جس کی لاگت کا تخمینہ 180 کروڑ روپے بتایا گیا ہے ۔ اس مجوزہ منصوبے کے تحت منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب واقع ملاور برڈج، جیپی موگارو برڈج، گورپور اور نیتراوتی ندیوں کے ساتھ قدیم منگلورو بندرگاہ کا علاقہ شامل کیا جائے گا ۔
کے ایم بی افسران کا کہنا ہے کہ گورپور اور نیتراوتی ندیاں موجود رہنے کی وجہ سے پبلک - پرائیویٹ ماڈل پر واٹر میٹرو کے منصوبے کو فروغ دینے اور شہری علاقوں میں اندرونی سفر اور نقل و حمل کو درپیش مسائل حل کرنے اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباو کم کرنے کی بڑی گنجائش پائی جاتی ہے ۔