ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروارمیں کراولی اتسوا کا شاندارانعقاد - وزیرمنکال وئیدیا اور رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کیا ٹورزم کو فروغ دینے کا وعدہ

کاروارمیں کراولی اتسوا کا شاندارانعقاد - وزیرمنکال وئیدیا اور رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کیا ٹورزم کو فروغ دینے کا وعدہ

Wed, 24 Dec 2025 01:48:16    S O News
کاروارمیں کراولی اتسوا کا شاندارانعقاد - وزیرمنکال وئیدیا اور رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کیا ٹورزم کو فروغ دینے کا وعدہ

کاروار 23 / دسمبر (ایس او نیوز) کاروار کے ٹیگور بیچ پر شاندار پیمانے پر منعقدہ کراولی اتسوا کی صدارت کرتے ہوئے کرناٹک اسٹیٹ مارکیٹنگ کمیونیکیشن اینڈ ایجنسیز کے صدر اور کاروار کے رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کہا کہ اتر کنڑ ضلع کے ساحلی علاقوں کے قدرتی حسن کے سامنے گوا کے ساحلوں کی  حیثیت صفر کے برابر ہے۔ 

اگر اتر کنڑا میں تنگ نظری اور منفی سوچ کو ترک کیا گیا تو ساحلی کرناٹک کے اس ضلع میں سیاحت کو یقینی طور پر فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ ستیش سئیل نے کہا کہ ساحلی کرناٹکا میں سیاحت کو فروغ دینے کے معاملے میں ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کی سیاست چھوڑ کر تمام منتخب عوامی  نمائندوں کو متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اترکنڑا ضلع کی ساحلی پٹی تقریباً 340 کلومیٹر طویل ہے، جبکہ گوا کی ساحلی پٹی صرف 100 کلومیٹر کے دائرے تک محدود ہے۔ لیکن اتر کنڑا میں قدرتی حسن کے باوجود سیاحتی ترقی کے معاملے میں غیر ضروری رکاوٹیں اور اختلافات زیادہ ہیں۔ جس کی وجہ سے یہاں سیاحت کو فروغ نہیں مل رہا ہے۔

ستیش سئیل نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراولی اتسوا کے افتتاح کے لئے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ ناگزیر عذر کی وجہ سے حاضر نہیں ہو سکے، مگر انہوں نے  یقین دلایا ہے کہ اتسوا ختم ہونے سے پہلے وہ ضرور تشریف لائیں گے اوراُن کی آمد کے موقع پر پُلوں اورعمارتوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ کاروار کے بہت سارے نوجوان روزگار کے لئے روزانہ گوا کا سفر کرتے ہیں ۔ انہیں اپنے ہی علاقے میں روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے ٹورازم انڈسٹری یا دیگر صنعتی مراکز قائم کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے ۔ آئندہ مہینے کی 15 تاریخ کو منگلورو میں روزگار کے منصوبوں سے متعلق بات چیت کے لئے میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاروار کے علاقے میں ترقی کے لئے بہت سارے منصوبے بنائے گئے ہیں جس میں گوا کے طرز پر سیاحتی صنعت کا فروغ بھی شامل ہے۔ آنے والے دنوں میں کاروار کے کریمس میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرکے ہی دم لیں گے۔ بالفرض آئندہ پیش ہونے والے بجٹ میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا اعلان نہیں کیا گیا تو رکن اسمبلی کی نشست سے میں استعفیٰ دے دوں گا۔

کراولی اُتسوا کا افتتاح کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیرمنکال وئیدیا نے کہا کہ اتر کنڑا  قدرتی حسن کا ایک خزانہ ہے۔ یہاں کے سیاحتی مقامات اور مذہبی مقامات سیاحت کے لیے بیش قیمت سرمایہ ہیں۔ آگے کہا کہ اس بار ہم زبردست اور شاندار پیمانے پر کراولی اتسوا منعقد کرنے میں ہم کامیاب ہوئے ہیں ۔ گزشتہ سات برس سے منعقد نہ ہونے والا کراولی اتسوا اب پھر سے شروع ہوگیا ہے اور امسال یہ اتسوا سات دنوں تک چلے گا ۔ اس اتسوا سے ساحلی علاقے میں سیاحت کی صنعت کو فائدہ پہنچے گا۔ آنے والے برسوں میں یہ باقاعدہ اور مسلسل منعقد ہوتا رہے گا ۔ اتر کنڑا کے باشندوں میں پائے جانے والی کلا اور ثقافت کو بچائے رکھنے، اسے فروغ دینے اور اس کی پشت پناہی کرنے میں اس اتسوا سے تعاون ملے گا۔

اس موقع پر ودھان پریشد کے رکن گنپتی الویکر، شانتا رام سیدی، گارنٹی اتھاریٹی کے صدر ستیش نائک وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے ۔ البتہ وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ کے علاوہ کنڑا اینڈ کلچر کے وزیر بھی کراولی اتسوا کے افتتاح میں شریک نہ ہونے پر عوام نے مایوسی کا اظہارکیا۔ کیونکہ وزراء کے استقبال کے لئے کلا کاروں کی پندرہ ٹیموں کے ساتھ جوجلوس نکلنے والا تھا اسے آخری لمحات میں منسوخ کر دیا گیا۔ افتتاحی پروگرام میں حاضرین کی کمی کو دیکھتے ہوئے شام 5.30 بجے کا مقررہ پروگرام رات 8.30 بجے شروع کیا گیا ۔ 


Share: