ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / طلبہ کی اموات پر کنہیا کمار برہم، ستیانکیتن حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

طلبہ کی اموات پر کنہیا کمار برہم، ستیانکیتن حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

Tue, 08 Sep 2026 18:06:53    S O News

نئی دہلی ، 8/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی  ) کانگریس نے دہلی کے ستیہ نکیتن میں عمارت گرنے سے طلبہ کی اموات کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے قصورواروں  کے خلاف کارروائی کرنے اور ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں طلبہ کیلئے مناسب  اور محفوظ ہاسٹل بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے انچارج اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن کنہیا کمار  اور این ایس یو آئی کے صدر ونود جاکھڑ نے پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جب اراکین پارلیمان کیلئے کثیر منزلہ رہائش گاہوں کا انتظام ہو سکتا ہے تو ملک کی یونیورسٹیوں میں طلبہ کیلئے بھی محفوظ ہاسٹل بنائے جانے چاہئیں، تاکہ ستیہ نکیتن جیسے حادثات کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کے ارد گرد بڑی تعداد میں طلبہ خستہ حال نجی پی جی میں رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ گزشتہ۱۰؍ سال میں دہلی یونیورسٹی کیلئے ایک بھی ہاسٹل کیوں نہیں بنایا گیا؟ یونیورسٹی کی جن زمینوں کو شادی کی تقریبات کیلئے کرائے پر دیا جا رہا ہے، وہاں ہاسٹل بنائے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ستیہ نکیتن میں طلبہ عمارت گرنے سے دب کر مر رہے ہیں اور دوسری طرف ملک کے وزیر داخلہ گوا میں بی جے پی دفتر کا فیتہ کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے حادثے کیلئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی اور ایم سی ڈی کمشنر کی جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعظم  مودی کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر ٹویٹ کرتے ہیں لیکن طلبہ کی جان جانے کے واقعے پر ان کی حساسیت دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف کچھ لوگوں کو گرفتار یا معطل کر دینے سے ان خاندانوں کو ان کے بچے واپس نہیں مل سکتے، جنہوں نے انہیں کھویا ہے۔


Share: