منگلورو یکم / مارچ (ایس او نیوز) سنیچر سے جاری ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی طرف سے کیے گئے حملوں کے بعد بین الاقوامی سطح پر خلیجی ممالک کی طرف آنے اور جانے والے طیاروں کی پروازیں روک لینے کا اثر منگلورو انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر بھی دیکھنے کو ملا ۔
ایئر اسپیس بند کرنے کی وجہ سے طیاروں کی پروازوں میں واقع ہوئے خلل کے تعلق سے افسران نے بتایا کہ سنیچر کو ایئر انڈیا ایکسپریس کی فلائٹ IX 821 جو کہ منگلورو سے دبئی کے لئے روانہ ہوئی تھی وہ ایران کی فضا میں پروازیں ممنوع قرار دئے جانے کے بعد واپس لوٹ آئی ۔ اسی طرح ایئر انڈیا کی فلائٹ 821 جو منگلورو سے قطر کے لئے روانہ ہوئی تھی اسے ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا ۔ جبکہ انڈیگو کی فلائٹ 6E1476 جو منگلورو سے دبئی جانے والی تھی اسے منسوخ کر دیا گیا۔ ائیر انڈیا ایکسپریس کی فلائٹ IX 831 کو بھی کینسل کیا گیا۔
اس کے علاوہ قطر سے منگلورو آنے والی فلائٹ IX 822 ، دبئی سے منگلورو آنے والی فلائٹ IX 832، دمام جانے والی IX 847، دبئی جانے والی IX 813، کویت جانے والی IX 851، ابوظہبی جانے والی IX 815 اور دبئی جانے والی 6E1467 فلائٹس بھی کینسل کر دی گئیں ۔
ایئر لائنس والوں نے نئے شیڈول اور روٹس کے تعلق سے لائحہ عمل بنانا شروع کیا ہے اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل اس تعلق سے اپڈیٹ کی گئی معلومات پر نظر رکھیں ۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خلیجی علاقے کے لئے پروازوں کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔ جن مسافروں پر اس معطلی کا اثر ہو رہا ہے انہیں رابطہ کرکے اطلاع دی جا رہی ہے ۔
مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے رابطے کے ذریعے کو درست کرکے رکھیں اور ایئر لائنس کی ویب سائٹس پر فلائٹ کی تفصیلات چیک کریں ۔
ہوائی آمد و رفت میں پڑے اس خلل کی وجہ سے خلیجی ممالک اور اسرائیل میں رہنے والے ساحلی پٹی کے باشندوں میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بحرین کنڑا سنگھا کے صدر اور کٹپاڈی کی رہائشی نے بتایا کہ وہ جوفیر میں امریکی ایئر بیس سے 200 میٹر کی دوری پر رہتے ہیں۔ افسران کی طرف سے انہیں چوکسی برتنے اور اس علاقے میں ایران کی طرف سے حملہ ہونے کی وارننگ موصول ہوئی ہے۔ پیشگی طور پر پناہ گاہیں فراہم کی گئی ہیں ۔ اسی طرح اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں میں ساحلی علاقے کے بھی کچھ افراد ہیں جو اس وقت تشویش میں مبتلا ہیں اور بتا رہے ہیں کہ ان کے اطراف سائرن کی آوازیں مسلسل گونج رہی ہیں۔