بھٹکل، 18/نومبر (ایس او نیوز): قریبی قصبہ ولکی میں واقع اتحاد پبلک اسکول کے دسویں جماعت کے طالب علم براق شیخ نے عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآنِ کریم کو مکمل حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔ اس طرح وہ اسکول کی تاریخ میں حفظِ قرآن مکمل کرنے والے پہلے طالب علم بن گئے ہیں، جو پورے ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق براق شیخ نے تین سال کی مسلسل محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ یہ عظیم سعادت حاصل کی۔ اس سفر میں شعبۂ حفظ کے سربراہ مولانا سید فرقان نے انہیں خصوصی توجہ، رہنمائی اور تربیت فراہم کی، جس نے اس کامیابی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے براق شیخ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک عصری اسکول میں زیرِ تعلیم رہتے ہوئے قرآنِ کریم حفظ کرنا نہایت قابلِ قدر اور دیگر طلبہ کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔ انتظامیہ نے مولانا سید فرقان کی خدمات اور محنت کی بھی بھرپور ستائش کی۔
انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ براق شیخ کی اس عظیم کامیابی کے اعتراف میں ماہِ دسمبر میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں شراوتی کونسل کے اراکین سمیت معزز مہمان شریک ہوں گے۔
آخر میں اسکول انتظامیہ نے تمام طلبہ، والدین اور قارئین سے خصوصی درخواست کی کہ وہ حافظ براق شیخ کے لیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں قرآنِ کریم پر عمل کی توفیق عطا فرمائے، اسے ان کی دنیا و آخرت کا زیور بنائے، اور مستقبل میں انہیں دین و دنیا کی مزید عظیم کامیابیاں نصیب فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ان کے والدین، اساتذہ اور ادارے کو بھی اس نیکی کی کوشش کا بہترین بدلہ عطا فرمائے—آمین۔