منگلورو، 23 اکتوبر (ایس او نیوز): منگلورو میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح کا بیڈمنٹن ٹورنامنٹ "منگلورو انڈیا انٹرنیشنل چیلنج 2025" منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح 27 اکتوبر کو کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ سدارامیا کے ہاتھوں کیا جائے گا۔
اُروا انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں جمعرات کو دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی کی صدارت میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں پہلی بار بین الاقوامی سطح کے کھیلوں کا اہتمام ہو رہا ہے، لہٰذا تمام انتظامات اعلیٰ معیار کے مطابق کیے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ رہ جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ملک و بیرونِ ملک سے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے قیام و طعام اور طبی سہولتوں کا مؤثر انتظام کیا جائے۔ اسپورٹس کمپلیکس میں تمام تکنیکی پہلوؤں کو درست رکھا جائے اور کھلاڑیوں و ریفریوں کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اُروا مارکیٹ اسٹیڈیم میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جب کہ لیڈی ہل سے اُروا مارکیٹ تک سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے دوران ثقافت اور سیاحت کو اُجاگر کرنے کے لیے ایک نمائش و معلوماتی مرکز قائم کیا جائے گا۔ سیاحت کے محکمے کو ہدایت دی گئی کہ اگر کوئی کھلاڑی یا مہمان سیاحتی مقامات کا دورہ کرنا چاہے تو اُس کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔
محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ اسٹیڈیم میں ایک طبی مرکز قائم کیا جائے اور کھیلوں کے ماہر ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی پولیس کمشنر مِتھُن ایچ این، اسمارٹ سٹی کے ایم ڈی سنتوش کمار، میونسپل کمشنر روی چندر نائک، اور ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر سنتوش کمار شیٹی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔