ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کو گرین بنانے آئی این ایف کے شجرکاری پروگرام کا شاندار آغاز؛ ڈسٹرکٹ انچارج وزیر اور ڈپٹی کمشنر نے کیا افتتاح

بھٹکل کو گرین بنانے آئی این ایف کے شجرکاری پروگرام کا شاندار آغاز؛ ڈسٹرکٹ انچارج وزیر اور ڈپٹی کمشنر نے کیا افتتاح

Wed, 21 Jan 2026 19:15:17    S O News
بھٹکل کو گرین بنانے آئی این ایف کے شجرکاری پروگرام کا شاندار آغاز؛ ڈسٹرکٹ انچارج وزیر  اور ڈپٹی کمشنر  نے کیا افتتاح

بھٹکل، 21 جنوری (ایس او نیوز): بھٹکل کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کے تحت انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کی جانب سے بدھ کے روز نوائط کالونی محی الدین منیری روڈ کے سینٹرل میڈین پر شجرکاری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر اُترکنڑا ضلع کے انچارج وزیر منکال وئیدیا اورکاروار سے تشریف فرما  ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے پودوں کو پانی دے کر اس مہم کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے آئی این ایف کی اس ماحولیاتی پہل کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ صاف ہوا اور آکسیجن کے حصول کے لیے شجرکاری نہایت ضروری ہے، اور اس کے ذریعے پورے شہر کو گرین رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل ماضی میں قدرتی طور پر سرسبز علاقہ تھا، مگر انسانی مفادات کی خاطر ہم نے خود اپنی گرینری کو نقصان پہنچایا ہے، جسے اب دوبارہ بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر درختوں کا تحفظ اور افزائش نہیں کی گئی تو آنے والے وقت میں ہمیں سانس لینے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسان چند وقت بھوکا رہ سکتا ہے، لیکن چند لمحے بھی سانس بند ہو جائے تو زندگی ممکن نہیں، اس لیے شجرکاری جیسے کاموں کو بھرپور فروغ دیا جانا چاہیے اور ہر فرد کو اس میں حصہ لینا چاہیے۔

bhatkal-INF-planting-dc-lakshmi-priya

آئی این ایف کے صدر آفتاب حسین کولا نے پروگرام کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس شجرکاری مہم کا بنیادی مقصد ماحول کو صاف ستھرا بنانا اور عوام کو صاف آکسیجن فراہم کرنا ہے، ساتھ ہی شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال کے تناظر میں ماحولیاتی تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ماحولیات کے تحفظ پر خصوصی زور دیتا ہے اور صفائی کو آدھا ایمان قرار دے کر انسان کو فطرت کے ساتھ ہم آہنگ زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہی اصولوں کے تحت آئی این ایف، بھٹکل میونسپلٹی کے تعاون سے، محی الدین منیری روڈ پر شجرکاری کی اس مہم کا آغاز کر رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے بھی خطاب کرتے ہوئے آئی این ایف کی اس کاوش کو قابلِ تقلید قرار دیا اور درختوں کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے مقررہ وقت پر مہمانان کے ہاتھوں  پودوں کو پانی دینے کی کارروائی انجام دی گئی، جس کے بعد رابطہ ہال میں تلاوتِ کلامِ پاک سے باضابطہ پروگرام کا آغاز ہوا۔ آئی این ایف کے سرگرم رکن غفران لنکا نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پروگرام کی نظامت کی۔ آئی این ایف گرین بھٹکل مہم کے کنوینر ایس ایم ارشد نے شجرکاری کے ساتھ ساتھ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے آئی این ایف کی جانب سے شروع کی گئی مہمات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، جبکہ جنرل سکریٹری عادل ناگرمٹ نے اختتامی کلمات اور شکریہ ادا کیا۔

پروگرام میں بھٹکل تحصیلدار ناگیندرا کولشیٹی، میونسپل چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، انجمن حامیٔ مسلمین بھٹکل کے صدر یونس قاضیا، رابطہ سوسائٹی کے صدر و جنرل سکریٹری عمر فاروق مصباح، عتیق الرحمن منیری،بھٹکل میونسپالٹی کے سابق نائب صدر الطاف کھروری، محی الدین رکن الدین،  قمر سعدا، جیلانی محتشم، آئی این ایف کے دیگر ذمہ داران اور خلیجی جماعتوں کے متعدد نمائندگان بھی موجود تھے۔

Click here for more photos

Click here for report in English


Share: