ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: انڈین نوائط فورم کی جانب سے طلبہ کے لئے کیریئر و رہنمائی کا کامیاب کیمپ؛ ماہرین کی رہنمائی سے طلبہ کو نئی راہیں متعین کرنے کا موقع

بھٹکل: انڈین نوائط فورم کی جانب سے طلبہ کے لئے کیریئر و رہنمائی کا کامیاب کیمپ؛ ماہرین کی رہنمائی سے طلبہ کو نئی راہیں متعین کرنے کا موقع

Fri, 24 Oct 2025 18:21:38    S O News
بھٹکل: انڈین نوائط فورم کی جانب سے طلبہ کے لئے کیریئر و رہنمائی کا کامیاب کیمپ؛ ماہرین کی رہنمائی سے طلبہ کو نئی راہیں متعین کرنے کا موقع

بھٹکل 24/اکتوبر(ایس او نیوز) — انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کی جانب سے  دسویں جماعت کے طلبہ کے لئے منعقدہ ایک روزہ کیریئر و رہنمائی کیمپ INF Launchpad 2025  جمعرات کو  کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ کیمپ میں شرکت کرنے والے طلبہ نے اسے نہایت معلوماتی، متاثر کن اور مستقبل سازی کے لئے مفید قرار دیا۔

اختتامی تقریب میں محمد رفیع پاشا (ڈپٹی کمشنر، جی ایس ٹی، بنگلورو)، جو مسابقتی امتحانات پر متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں، بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے  INF  کی جانب سے مستقبل سازی اور رہنمائی سے متعلق اس طرح کے باوقار کیمپ کے انعقاد کو سراہتے  ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی ٹیم آئندہ بھی اس قسم کے کیریئر پروگراموں میں تعاون کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔

تقریب کی صدارت آفتاب حسین کولا (صدر، INF) نے کی۔ انہوں نے ملک میں مسلم طلبہ کی اعلیٰ تعلیم میں کم نمائندگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ:

“دو سال قبل اعلیٰ تعلیم میں مسلم طلبہ کی شمولیت صرف 6% تھی، جبکہ ملک کے بڑے اداروں جیسے IITs، IISERs، NITs اور IIMs میں یہ شرح مزید گھٹ کر محض 1.92% درج کی گئی۔ اسی طرح سول سروسز کے 2024 کے نتائج میں مسلمان کامیاب امیدواروں کا فیصد 3% سے بھی کم رہا۔ یہ صرف اعداد نہیں، بلکہ ایک دردناک حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں ابھی بہت آگے جانا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال کا حل ابتدائی رہنمائی، آگاہی اور مستقل حوصلہ افزائی میں ہے، اور اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے آئی این ایف نے اس کیمپ کا انعقاد کیا تاکہ طلبہ نئی کیریئر راہوں، داخلہ امتحانات، اسکالرشپس اور تعلیمی مواقع سے بروقت واقف ہو سکیں۔

کیمپ کے دیگر اہم مقررین میں امینِ مدثر (سی ای او، سگما، بنگلورو و معروف کیریئر ماہر)، سہیل بابو (تعلیمی و لیڈر شپ فیسلیٹیٹر، تِرور، کیرالہ) اور شمس الدین عثمان شیخ (تعلقہ مائناریٹی  آفیسر، بھٹکل) شامل تھے، جنہوں نے پروگرام کے نظم و اثر انگیزی کی تعریف کی۔

حافظ محمد ابیان ابن امین اکرمی کی تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ عادل ناگَرمٹ (جنرل سکریٹری، INF) نے استقبال کیا، جبکہ سالم کولا نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ تنویر موٹیا نے معاون کوآرڈینیٹر کی خدمات انجام دیں۔

پورے دن کے دوران کیمپ میں انٹریکٹیو سیشنز، سلائیڈ پریزنٹیشنز، کوئز اور گروپ ایکٹیویٹیز کے ذریعے طلبہ کو سرگرم رکھا گیا۔ پانچ مختلف اسکولوں کے 270 طلبہ نے کیمپ میں شرکت کی جنہیں آخر میں سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔

کیمپ کے ذریعے طلبہ کو نئی کیریئر راہوں، مسابقتی امتحانات، سرکاری و نجی اسکالرشپس اور سافٹ اسکلز کے عملی استعمال سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کی گئی، جسے طلبہ کے تعلیمی اور  پیشہ ورانہ مستقبل کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


Share: