دوحہ، 14 فروری (ایس او نیوز): قطر کے دارالحکومت دوحہ میں انڈین نوائط کمیونٹی کے انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوگئے، جس میں عبدالرب اسماعیلجی صدر اور رزین رکن الدین جنرل سکریٹری منتخب قرار پائے۔ دو سالہ میعاد (2026–2027) کے لیے دیگر منتخب عہدیداران میں عاقب صوبیدار نائب صدر، عباد شوپا نائب سکریٹری، تابش گوائی خزانچی اور عمران محتشم محاسب شامل ہیں۔
نو منتخب جنرل سکریٹری رزین رکن الدین کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 18 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل کا عمل مرحلہ وار انجام پایا۔ ابتدائی مرحلے میں سبکدوش ہونے والی ایگزیکٹو کمیٹی کے تین اراکین — رزین رکن الدین، عاقب صوبیدار اور مولانا یحییٰ برماور — کو منتخب کیا گیا تھا، جن میں سے رزین رکن الدین کو دیگر دو اراکین کے تعاون سے انتخابی عمل کی نگرانی اور انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ان کی زیر نگرانی 16 جنوری کو دوحہ کے المُنتظیٰ پارک میں انتظامیہ کے اراکین کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔ تقریباً 150 رجسٹرڈ اراکین میں سے 89 نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے 12 اراکین کو منتخب کیا۔
انتخابی عمل کی ایک نمایاں خصوصیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال رہا۔ ممبران کی سہولت کے پیش نظر ڈیجیٹل موبائل ایپ کے ذریعے ووٹنگ کا انتظام کیا گیا، جس کے تحت بیرونِ قطر مقیم اراکین کو بھی آن لائن ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
ضابطے کے مطابق نو منتخب صدر کو مزید تین اراکین نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہے، جس کے بعد 18 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی مکمل طور پر تشکیل پا جائے گی۔
فی الحال انتظامیہ کے دیگر منتخب اراکین میں عبدالعظیم ڈی ایف، مولانا عبدالعظیم رکن الدین، مولانا فُضیل آرمار، سید ربیع ایس ایم، عبدالغنی علی اکبرا، ضیاء کولا، سید زُہیر ایس ایم اور عمار گوائی شامل ہیں۔