ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور : منکی پٹن پنچایت میں عہدیداروں کا انتخاب - سویتا نائک صدر اور جیوتی کھاروی نائب صدر - بی جے پی کا راستہ روکنے میں کانگریس ناکام

ہوناور : منکی پٹن پنچایت میں عہدیداروں کا انتخاب - سویتا نائک صدر اور جیوتی کھاروی نائب صدر - بی جے پی کا راستہ روکنے میں کانگریس ناکام

Tue, 24 Feb 2026 13:09:04    S O News

manki--savita-naik-president-jyothi-kharvi-vp

ہوناور،  24 / فروری (ایس او نیوز) منکی پٹن پنچایت کے لئے پہلی بار منعقد ہوئے انتخابات میں کانگریس کو پیچھے چھوڑ کر آگے نکلنے والی بی جے پی کی سویتا نائک اور جیوتی کھاروی بلا مقابلہ بالترتیب صدر اور نائب صدر کا عہدہ  حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں ۔
    
حالیہ پٹن پنچایت انتخابات میں بی جے پی نے 20 نشستوں میں 12 نشستیں جیت کر اپنی اکثریت ثابت کر دی تھی ۔ جبکہ کانگریس پارٹی آٹھ سیٹوں پر محدود ہوگئی تھی ۔ 
    
سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق صدر کے عہدے کے لئے پسماندہ طبقات اے سے خاتون اور نائب صدر کے لئے جنرل زمرے سے خاتون کو مختص کیا تھا ۔ معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی میں صدر کے عہدے کے لئے تین خواتین دعویدار بن کر سامنے آئیں ۔ پارٹی لیڈروں نے اس عہدے کے لئے ان میں سے ایک کی نشاندہی کر لی تو دوسری ایک دعویدار ناراض ہوگئی اور اس نے پارٹی سے دوری بنانا شروع کیا ۔
    
مبینہ طور پر کانگریس پارٹی نے بی جے پی کو اقتدار پر آنے سے روکنے کے لئے بی جے پی میں پائی جانے والی اندرونی ناراضگی سے فائدہ اٹھانے کا منصوبہ بنایا اور وہاں سے چند اراکین کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش شروع کی ۔ دو ایک اراکین سے ٹیلی فون پر رابطہ بھی شروع کیا ۔
    
اس بات کی بھنک ملتے ہی بی جے پی چوکنّا ہوگئی اور اس نے پارٹی دفتر میں اپنے اراکین کے ساتھ مسلسل آٹھ گھنٹے تک میٹنگ منعقد کی جس میں اس کے گیارہ اراکین شامل رہے ۔ جبکہ ناراض خاتون رکن تمام کوشش کے باوجود نہ میٹنگ میں شریک ہوئی نہ پارٹی لیڈروں کے فون کالس کا جواب دیا ۔
    
اس صورتحال میں کانگریس کی کوششوں سے خطرہ محسوس کرتے ہوئے بی جے پی ریسارٹ پالیٹکس کا سہارا لیا اور اپنے تمام اراکین کو کمٹہ کے ایک ریسارٹ میں لے جا کر رکھا اور عین انتخاب سے ذرا پہلے سیدھے پٹن پنچایت ہال میں لے آئی ۔ جس کے بعد اس کے دونوں اراکین بلا مقابلہ عہدوں کا انتخاب جیتنے میں کامیاب ہو گئے ۔ 
    
اس طرح منکی پٹن پنچایت میں کانگریس اپنی تمام کوشش کے باوجود  بی جے پی کو اقتدار حاصل کرنے سے روکنے میں ناکام ہوگئی ۔ 


Share: