ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تحصیلدار دفتر کو فرضی بم دھمکی والا ای میل؛ منی ودھان سودھا میں تلاشی

بھٹکل تحصیلدار دفتر کو فرضی بم دھمکی والا ای میل؛ منی ودھان سودھا میں تلاشی

Tue, 16 Dec 2025 16:02:25    S O News
بھٹکل تحصیلدار دفتر کو فرضی بم دھمکی والا ای میل؛ منی ودھان سودھا میں تلاشی

بھٹکل 16/ڈسمبر (ایس او نیوز)  اُتر کنڑا ضلع کے بھٹکل تحصیلدار دفتر کو بم دھماکے کی دھمکی والا ایک ای میل موصول ہونے کے بعد دفتر کے عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ یہ دھمکی آمیز ای میل منگل کی صبح تقریباً 7:25 بجے گائنا رمیش نامی ای میل آئی ڈی سے ارسال کیا گیا تھا۔

ای میل کے سبجیکٹ میں کنڑا زبان میں لکھا گیا تھا:  کہ“تملوں اور پاکستانیوں کا انتقام — تحصیلدار دفتر میں جلد ایک شدید بم دھماکہ ہوگا، تمام لوگوں کو فوراً وہاں سے نکال دیا جائے۔”

بھٹکل  تحصیلدار ناگیندر کولا شیٹی نے بتایا کہ وہ آج صبح تقریباً پونے آٹھ بجے ای میل چیک کر رہے تھے، اسی دوران انہیں یہ بم دھمکی والا ای میل نظر آیا۔ انہوں نے فوری طور پر بھٹکل پولیس انسپکٹر کو اطلاع دی، جس کے بعد انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور کاروار سے بم ڈسپوزل ٹیم بھٹکل پہنچ گئی۔

bhatkal-hoax-bomb-threat-searching-3

چونکہ تحصیلدار دفتر، بھٹکل تعلقہ انتظامیہ کی عمارت یعنی منی سودھا کے سیکنڈ فلور پر واقع ہے، اس لیے نہ صرف تحصیلدار دفتر بلکہ پوری عمارت کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ تاہم، کسی بھی قسم کی کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی، جس کے بعد یہ ای میل فرضی ثابت ہوا۔

تحصیلدار نے  بتایا کہ ای میل کے متن میں صرف بم دھماکے کی دھمکی ہی نہیں دی گئی تھی بلکہ تمل ناڈو کی ڈی ایم کے (DMK) حکومت کے خلاف قابلِ اعتراض اور اشتعال انگیز تحریریں بھی شامل تھیں۔ ای میل میں 2001 میں میڈیا پر دباؤ ڈالنے کی مبینہ کوششوں، گیلیلیو ایپ کے ذریعے کنڑ عوام پر جاسوسی، اور یتیم خانوں میں رہنے والی لڑکیوں کے ساتھ جنسی استحصال جیسے سنگین مگر بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

bhatkal-hoax-bomb-threat-searching-2

یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو بھی اسی نوعیت کی بم دھمکی والا ای میل موصول ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔  تازہ واردات پر بھٹکل پولیس انسپکٹر دیواکر نے بتایا کہ بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز منگلورو آر ٹی او آفس اور گدگ ڈپٹی کمشنر آفس کو بھی اسی طرح کے فرضی بم دھمکی والے ای میل موصول ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ اطلاعات کے مطابق بیدر اور کولار میں بھی دو تین روز قبل ایسے ہی فرضی ای میل موصول ہوئے تھے۔ منگل کے روز بھٹکل کے ساتھ ساتھ ہاسن اور کرناٹک کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے فرضی ای میل موصول ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

Click here for report in English


Share: