بھٹکل، 12/ نومبر (ایس او نیوز) دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب پیر کو ہوئے بم دھماکے میں آٹھ افراد کے ہلاک ہونے اور متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی واردات پیش آنے کے بعد پورے ملک میں حفاظتی چوکسی بڑھا دی گئی ہے جس کے تحت اتر کنڑا ضلع میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے اورمشہور سیاحتی مقام مرڈیشور میں بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے مختلف حساس مقامات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔
خیال رہے کہ اُترکنڑا میں ایک طرف کاروار میں سی برڈ نیول بیس اور کئیگا نیوکلیر پلانٹ جیسی تنصیبات کے علاوہ گوکرن اور مرڈیشور جیسے مشہور مذہبی اور سیاحتی مقامات بھی ہیں جہاں سیاحوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے ۔ ضلع ایس پی دیپن نے بتایا کہ " پولیس نے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا ہونے سے بچانے کے لئے ایسے حساس مقامات پر حفاظتی بندوبست میں اضافہ کیا ہے اور گشتی نگرانی بڑھا دی گئی ہے ۔ ایس پی نے بتایا کہ "کچھ دن پہلے ہم نے جو 'ساگر کَوَچ' نقلی مشق کروائی تھی وہ اس موقع پر فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے ۔"

معلوم ہوا ہے کہ اہم مقامات پر نظر رکھنے کے علاوہ موٹر گاڑیوں کی جانچ پڑتال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ اعلیٰ پولیس افسران اور دیگر سرکاری افسران نے منگل شام کو بس اسٹینڈس اور ریلوے اسٹیشن، کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسے اہم اور حساس علاقوں میں پٹرولنگ کی ۔
