ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 27 ریاستوں میں شدید بارش کا امکان، آئی ایم ڈی کا الرٹ؛ مغربی بنگال میں تیز ہواؤں کا خطرہ

27 ریاستوں میں شدید بارش کا امکان، آئی ایم ڈی کا الرٹ؛ مغربی بنگال میں تیز ہواؤں کا خطرہ

Wed, 09 Sep 2026 12:08:52    S O News

نئی دہلی  ، 9/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک کے کئی علاقوں میں اس وقت موسم تبدیل ہو رہا ہے، یعنی مانسون ختم ہونے کے قریب ہے۔ حالانکہ کئی ریاستوں میں شدید بارش کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ خصوصاً شمالی ہندوستان اور مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ندیوں کی آبی سطح میں اضافہ ہوا ہے، اور کئی علاقے میں پانی جمع ہو جانے کی وجہ سے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے 9 ستمبر کے لیے بھی کئی ریاستوں میں بارش اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ تازہ پیشین گوئی کے مطابق اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، چھتیس گڑھ اور اڈیشہ سمیت کئی ریاستوں میں مانسون سرگرم رہ سکتا ہے۔

اتر پردیش اور بہار کے کئی حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ دونوں ہی ریاستوں میں کچھ ندیوں کی آبی سطح پہلے سے ہی بڑھی ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں پریشانیاں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ اور اڈیشہ کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ مغربی بنگال میں 9 ستمبر تک کئی علاقوں میں شدید ترین بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کی پیشین گوئی میں شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں ہوا کی رفتار 50 سے 75 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے، جس کے مدنظر کھلے مقامات پر رہنے والوں اور ڈرائیورز کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ملک کے کئی حصوں میں مانسون کمزور بھی پڑ رہا ہے، لیکن مقامی موسمی حالات کی وجہ سے اب بھی مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بارش کا سلسلہ ناہموار رہ سکتا ہے۔ یعنی کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوگی تو کچھ علاقوں میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں لوگوں کو مقامی محکمۂ موسمیات کے الرٹ پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ خصوصاً ندیوں کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو آبی سطح بڑھنے کی صورت میں ہوشیار رہنا چاہئے۔ کسانوں اور مسافروں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ موسم کی تازہ جانکاریاں لیتے رہیں۔ مجموعی طور پر 9 ستمبر کو ملک کے کئی حصوں میں بارش کے اثرات رہنے کے آثار ہیں۔


Share: