کاروار، 27 / فروری (ایس او نیوز) اچانک ہونے والی بے موسم کی برسات سے سرسی ہاویری نیشنل ہائی وے 766 کیچڑ کے میدان میں تبدیل ہوگیا جس کی وجہ سے اس سڑک پر موٹر گاڑیوں کو چلانا دشوار ہوگیا ۔
سوشیل میڈیا پر کیچڑ کے کھیت جیسے روڈ پر ٹریفک کے لئے درپیش مشکل صورت حال کا ویڈیو بڑے پیمارنے پر وائرل ہوگیا ہے۔ جس میں دیکھا گیا ہے کہ اس سڑک پر بس بھی آہستگی کے ساتھ چلانے کے باوجود پھسل رہی ہے اور ڈرائیور کی طرف سے پوری کوشش کے باوجود بس کے پچھلے پہیے بے قابو ہورہے ہیں۔
Click here to watch video report
سرسی ہاویری ہائی وے پر لمبے عرصے سے توسیعی منصوبے کا کام چل رہا ہے اور سالہا سال گزرنے کے باوجود یہ کام مکمل نہیں ہو رہا ہے ۔ چند مہینوں قبل رکن پارلیمان ویشویشور ہیگڈے کاگیری کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ کے دوران یہ تیقن دیا گیا تھا کہ سرسی جاترا سے پہلے اس سڑک کا کام مکمل ہو جائے گا ۔ مگر جاترا شروع ہو کر ختم ہونے پر سڑک کا کام مکمل ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے ۔
24 فروری سے سرسی جاترا شروع ہوا ہے اور عقیدت مندوں کا سیلاب سرسی کی طرف امڈ رہا ہے۔ اسی دوران اچانک ہونے والی بارش نے سڑک کی حالت انتہائی خراب کر دی ہے جہاں کیچڑ کے اندر موٹر گاڑیاں بیچ سڑک پر ہی پھنس رہی ہیں اور آگے بڑھنا ان کے لئے مشکل ہورہا ہے ۔ سب سے زیادہ دشواریاں تو دو پہیہ گاڑیوں کے لئے کھڑی ہوگئیں ۔ موٹر بائک سمیت کاروں، بسوں اور لاریوں کے ڈرائیوروں کو جان جوکھم میں ڈال کر سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔