ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں زور دار بارش؛ کئی اہم شاہراہیں تالاب میں تبدیل؛ مخدوم کالونی میں ایک مکان پرگری کمپاونڈ دیوار؛ سبھی محفوظ

بھٹکل میں زور دار بارش؛ کئی اہم شاہراہیں تالاب میں تبدیل؛ مخدوم کالونی میں ایک مکان پرگری کمپاونڈ دیوار؛ سبھی محفوظ

Wed, 11 Jun 2025 20:20:33    S O News
بھٹکل میں  زور دار بارش؛ کئی اہم شاہراہیں تالاب میں تبدیل؛ مخدوم کالونی میں ایک مکان پرگری کمپاونڈ دیوار؛ سبھی محفوظ

بھٹکل 11 جون (ایس او نیوز) بھٹکل میں بدھ شام  چار بجے  کے قریب شروع ہونے والی زبردست بارش کے نتیجے میں ایک طرف جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا، وہیں پھر ایک بار شمس الدین سرکل اور اس سے متصل ساگر روڈ پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہوجانے سے نیشنل  ہائی وے پر سے گذرنے والی سواریوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید بارش کے دوران مدینہ کالونی،  تینگن گُنڈی  کراس بھی تالاب میں تبدیل ہوگیا  اوریہاں گاڑیاں پانی میں تیرتی نظر آئیں۔

 ساگر روڈ ، جہاں ایک طرف سڑک کا تعمیراتی  کام جاری رہنے کی وجہ سے  پانی بہنے کے لئے جگہ نہیں ہے، وہیں سڑک کے دوسری طرف  بارش کی نکاسی کے لئے بنائے گئے نالوں پر غیر قانونی باکڑوں کی وجہ سے  پانی کی نکاسی  کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جس کی وجہ سے  ساگر روڈ سے شمس الدین سرکل تک پوری سڑک تالاب میں تبدیل ہوگئی۔

wall-collapsed-maqdoom-colony

 شدید بارش کے دوران  مخدوم کالونی  صفا اسٹریٹ میں محمد الطاف خلیفہ کی ملکیت والی  کمپاونڈ دیوار اُن  کے اپنے مکان کی چھت پر گرگئی جس سے چھت کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ حادثے کے وقت  گھر پر چار لوگ موجود تھے، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز تمام ساحلی علاقوں کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم شام چار بجے کے قریب اچانک گھنے بادل چھا گئے اور دن کی روشنی یکسر ماند پڑ گئی۔ اسی کے ساتھ بجلی کی چمک اور بادلوں کی ہلکی گرج کے ساتھ زوردار بارش شروع ہوگئی۔ بارش اتنی شدید تھی کہ چند ہی منٹوں میں سڑکیں پانی سے بھر گئیں اور نالے لبالب اُمڈتے نظر آئے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے تینوں اضلاع—اُترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا—کے لیے جمعرات، جمعہ اور سنیچر کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس کے دوران مزید شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Click here for more photos
Click here for report in English


Share: