ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں زوردار بارش؛ اگلے تین دنوں تک مختلف اضلاع میں بھاری بارش کا امکان، سمندری طوفان کی بھی پیش گوئی

بھٹکل میں زوردار بارش؛ اگلے تین دنوں تک مختلف اضلاع میں بھاری بارش کا امکان، سمندری طوفان کی بھی پیش گوئی

Sun, 26 Oct 2025 12:36:50    S O News

بھٹکل، 26 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کی شام سے لے کر اتوار کی صبح تک وقفے وقفے سے زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں محکمۂ موسمیات (IMD) نے آئندہ تین دنوں کے دوران ساحلی اور اندرونی کرناٹک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بھاری بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے یلو اور آرینج الرٹ جاری کیے ہیں۔

محکمہ کے مطابق آج 26 اکتوبر کو اُتر کنڑا ضلع میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے یلو الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ جبکہ 27 اکتوبر کو اُتر کنڑا، جنوبی کنڑا اور اُڈپی اضلاع میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے جن کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی دن چکمنگلور، شیموگہ اور داونگیرے اضلاع میں بھی بھاری بارش کے انتباہ کے ساتھ یلو الرٹ ڈکلئیر کیا گیا ہے۔

20251026_114554

28 اکتوبر کو ساحلی علاقوں کے بعض مقامات پر 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار والی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح شمالی اندرونی اضلاع — باگلکوٹ، بیلگاوی، بیدر، دھارواڑ، گدّگ، ہاویری، کلبرگی، کوپل، رائچور، وجئے پورہ اور یادگیری — میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

جنوبی اندرونی اضلاع — بنگلورو شہری و دیہی، بَلاّری، چتردرگہ، ہاسن، میسورو، کوڈاگو، منڈیا اور کولار — میں بھی بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دریں اثناء، بنگلورو میں آئندہ 48 گھنٹوں تک موسم ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری اور کم سے کم 20 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

سمندری طوفان کی پیش رفتخلیجِ بنگال میں کم دباؤ میں مزید شدت

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال کے جنوب مشرقی حصّہ میں موجود موسمی کم دباؤ کی شدت بڑھتے ہوئے آج گہرے دباؤ (Deep Depression) کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ: یہ نظام اگلے 24 گھنٹوں میں مزید مضبوط ہو کر سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ جبکہ 28 اکتوبر تک اس کے شدید طوفانی آندھی (Severe Cyclonic Storm) میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ طوفان کاکیناڈا کے قریب آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

اس دوران ہوا کی رفتار 90 تا 100 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جھکڑ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں کے ماہی گیروں کو فوری طور پر سمندر میں نہ جانے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔

خلیجِ عرب میں بھی ایک اور کم دباؤ سرگرم

ایک اور کم دباؤ کا نظام خلیجِ عرب کے مشرقی وسطی حصّے میں فعال ہے جو مغرب کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ اگرچہ یہ کرناٹک کے ساحل سے دور ہے، تاہم اس کے اثرات سمندری لہروں اور مرطوب ہواؤں کی صورت میں ساحلی علاقوں میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

Click here for report in English 
 


Share: