بھٹکل 12 جون (ایس او نیوز) : محکمہ موسمیات نے جمعرات کے بعد اب جمعہ کے لیے بھی اُترکنڑا کے پانچ ساحلی تعلقہ جات میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور پیشگی احتیاطی اطلاع کے پیش نظر کل جمعہ 13 جون کو بھی بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار کے تمام آنگن واڑی، پرائمری اور ہائی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
بھٹکل تحصیلدار ناگیندرا کولاشٹی نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میڈیا والوں سے شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ موسمیات بینگلور دفتر کی جانب سے اُترکنڑا ضلع میں 11 جون سے 17 جون 2025 کے درمیان شدید بارش ہونے کی پیشگوئی کے ساتھ ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، اور موسم کی شدت کے پیش نظر جمعہ کے روز بھی تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اانہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بچوں کی حفاظت اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق انہوں نے یہ حکمنامہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعہ 34(ایم) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جاری کیا ہے۔
حکمنامہ میں واضح کیا گیا ہے کہ محکمہ خواتین و اطفال کی بہبود اور محکمہ تعلیم عامہ کے نائب ڈائریکٹرس، کاروار اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں، اور تعلیمی تقویم میں مناسب تبدیلی کے ذریعہ اس چھٹی کی تلافی کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ بھٹکل ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے، جہاں تمام مسلم انتظامیہ کے تحت چلنے والے اسکولوں میں جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے۔