منگلورو، 9 / اکتوبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا میں علاج و معالجے کی خدمات فراہم کرنے کے لئے تقریباً 175 سال کی تاریخ رکھنے والے وینلاک اسپتال میں امراض قلب کے علاج کے لئے جدید ترین کیتھ لیب کی سہولت شروع کی گئی ہے جس کے تحت 29 ستمبر کو پہلا اینجیو گرافی اور اینجیو پلاسٹی کا عمل انجام دیا گیا ۔
وینلاک ہاسپٹل میں قائم کی گئی کیتھ لیب کا افتتاح وزیر صحت دنیشن گنڈو راو کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ پھیپھڑوں کے امراض کے ماہر (پلمنولوجسٹ])ڈاکٹر شرت بابو کو کیتھ لیب کا نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے ۔
وینلاک ہاسپٹل کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس ہاسپٹل میں جہاں بی پی ایل راشن کارڈ رکھنے والے مریضوں کو انجیو پلاسٹی سمیت انجیو گرام اور پیس میکر وغیرہ لگانے جیسا علاج مفت فراہم کیا جائے گا وہیں پر ، اے پی ایل راشن کارڈ والوں کو رعایتی خرچ پر یہ علاج فراہم کیا جائے گا ۔ صرف اینجیو گرام آیوشمان اسکیم والے پی بی ایل کارڈ والوں کو پانچ ہزار روپے اور اے پی ایل کارڈ والوں کو 7 ہزار روپے خرچ آئے گا ۔
اے پی ایل کارڈ والوں کو آیوشمان بھارت آروگیہ کرناٹکا (اے بی اے آر کے)اسکیم کے تحت منظور شدہ رقم میں رعایت دی جاتی ہے ۔