ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: ہلیال میں دیپاولی کے موقع پر حلال سرٹفکیٹ والا کاروبار بند کرنے ہندو جن جاگرتی سمیتی کی اپیل

کاروار: ہلیال میں دیپاولی کے موقع پر حلال سرٹفکیٹ والا کاروبار بند کرنے ہندو جن جاگرتی سمیتی کی اپیل

Tue, 21 Oct 2025 13:12:02    S O News

کاروار،23 / اکتوبر (ایس او نیوز) ہندو جن جاگرتی سمیتی کی طرف سے ضلع اتر کنڑا کے ہلیال شہر کے بازار میں گھوم پھر کر دکانداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ دیپاولی کے موقع پر حلال سرٹفکیٹ والی اشیاء فروخت نہ کریں۔ کنڑا میڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ایسا اس لئے کیا گیا تاکہ ایک سیکیولر ملک میں مذہبی بنیاد پر حلال سرٹفکیٹ کا جو نظام چل رہا ہے اس پر روک لگائی جاسکے۔
    
 ہندووں کے مذہبی تہوار دیپاولی کو ہندووں اور مسلمانوں کے درمیان تفریق کے لئے استعمال کرنے اور کاروباری بنیاد پر بھید بھاو پیدا کرنے کی ایک انتہائی اشتعال انگیز حرکت کرتے ہوئے ہندو جن جاگرن سمیتی کے لیڈر وٹھوبا مالسیکر کی قیادت میں سمیتی کے ذمہ داروں نے کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر سامان فروخت کرنے والی دکانوں پر پہنچ کر کہا کہ حلال سرٹفکیٹ والی اشیاء کی فروخت سے ہونے والی آمدنی دہشت گردوں کی مدد کے لئے استعمال ہوتی ہے ۔ اگر ہندوستان کی معیشت کو بچانا ہے تو 'حلال شکتی' کی مخالفت کرنا چاہیے ۔ 
    
سمیتی کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے ہندوستان میں حلال مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ ہندو تاجروں کو اپنا کاروبار چلانے کے لئے حلال سرٹفکیٹ استعمال کرنے کی نوبت آ گئی ہے۔  اس سے پہلے حلال سرٹفکیٹ کا مسئلہ صرف گوشت والی مصنوعات اور مسلم ممالک کو بھیجے جانے والی اشیاء تک ہی محدود تھا۔ اب اس حلال سرٹفکیٹ کا تصور یونانی اور آیورویدک دواوں پر بھی لاگو ہوا ہے ۔ یہاں تک کہ تلسی کے سالن اور چائے کی پتیوں کے لئے بھی حلال سرٹفکیٹ دیا جاتا ہے۔ 
    
سمیتی کا موقف ہے کہ جب ہندوستانی حکومت کے سرکاری محکمہ فوڈ سیفٹی اسٹینڈر آف انڈیا(ایف ایس ایس اے آئی) اور فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) جسے محکمے مصنوعات کے لئے سرٹفکیٹ دے رہے ہیں تو پھر کسی مذہبی ادارے سے حلال سرٹفکیٹ حاصل کرنے کی ضرورت کیا ہے ؟ آج حالت یہ ہے کہ میک ڈونالڈ، کے ایف سی، برگر کنگ، پیزا ہٹ جیسی کمپنیاں ہندو، جین، سکھ  جیسے غیر مسلم طبقات کو حلال سرٹفکیٹ والی اشیاء فروخت کر رہی ہیں ۔ اسی پس منظر میں ہندو جاگرن سمیتی کی اپیل ہے کہ دیپاولی کے موقع پر حلال سرٹفکیٹ والا کاروبار بند کیا جائے ۔ 


Share: