نئی دہلی، 24 ستمبر (ایس او نیوز) اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمونا ایکسپریس وے پر بدھ دیر رات کو ایک ڈبل ڈیکر سلیپر بس میں زبردست آگ لگنے سے 9 مسافر ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ جیور ایئرپورٹ انٹرچینج کے قریب دَیانت پور گاؤں کے پاس تقریباً 35 کلومیٹر مائل اسٹون پر پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بس دہلی کے کشمیری گیٹ سے روانہ ہوئی تھی اور مہوبا جارہی تھی، جبکہ اس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے۔
اطلاع کے مطابق بس میں رات تقریباً 11 بجے آگ لگی۔ بعض مسافروں نے پولیس کو بتایا کہ آگ بھڑکنے سے کچھ دیر پہلے بس میں جلنے کی بو اور دھواں محسوس ہوا تھا اور ڈرائیور کو گاڑی روک کر جانچ کرنے کے لیے کہا گیا، لیکن مبینہ طور پر بس نہیں روکی گئی۔ ایک ایف آئی آر میں مسافروں کی جانب سے یہ الزام بھی درج ہے کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر بس کے اگلے حصے میں سگریٹ یا بیڑی پی رہے تھے، جس کے کچھ دیر بعد ڈرائیور کی نشست کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آگ انتہائی تیزی سے پوری بس میں پھیل گئی، جس کے باعث زیادہ تر مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ کچھ مسافروں نے کھڑکیوں اور دیگر راستوں سے نکل کر اپنی جان بچائی، جبکہ بعض افراد نے چلتی بس سے چھلانگ لگا دی۔ عینی شاہد مسافروں کے مطابق بس کے اندر دھواں اتنا زیادہ ہوگیا تھا کہ کچھ دیر میں دیکھنا اور سانس لینا بھی مشکل ہوگیا۔
حادثے کے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔
اطلاع کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ بس اور اس میں موجود سامان کئی گھنٹے تک سلگتا رہا۔ تقریباً پانچ گھنٹے تک چلے ریسکیو آپریشن میں بس کی باڈی کو مختلف مقامات سے کاٹ کر لاشیں اور انسانی اعضا باہر نکالے گئے۔ شدید جل جانے کے باعث موقع پر لاشوں کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی، جس کے لیے پولیس بس کی ٹکٹ بکنگ کی تفصیلات سے اہل خانہ سے رابطہ کر رہی ہے اور ڈی این اے نمونوں کے ذریعے شناخت کی کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس نے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ زخمیوں کو جیور کے کیلاش اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد جیور ٹول اور ایئرپورٹ انٹرچینج پر تقریباً 30 منٹ تک ٹریفک روکی گئی، اس دوران دو کاریں بھی آپس میں ٹکرا گئیں۔
ابتدائی تحقیقات میں بس میں حفاظتی خامیوں کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق بس کا ایمرجنسی ایگزٹ مبینہ طور پر قابلِ استعمال حالت میں نہیں تھا، جبکہ سامان رکھنے والے حصے میں پینٹ تھنر جیسا آتش گیر مواد موجود ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ تاہم پولیس کی ایک الگ ابتدائی وضاحت میں آگ کی وجہ ایئر کنڈیشننگ سسٹم میں اسپارک یا دھماکے کے بعد انجن کے لبریکنٹ آئل میں آگ لگنا بتائی گئی ہے۔ ان دعوؤں اور آگ لگنے کی اصل وجہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔