ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: نوائط کالونی سرکاری اردو اسکول میں تعلیمی نمائش

بھٹکل: نوائط کالونی سرکاری اردو اسکول میں تعلیمی نمائش

Wed, 28 Jan 2026 20:38:53    S O News
بھٹکل: نوائط کالونی سرکاری اردو اسکول میں تعلیمی نمائش

بھٹکل، 31 جنوری (ایس او نیوز): نوائط کالونی میں واقع سرکاری اردو اسکول میں گزشتہ روز تعلیمی و نصابی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح جالی پٹن پنچایت کی صدر افشا قاضیا نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے بچوں میں سیکھنے کا شوق پیدا ہوتا ہے اور یہ طلبہ کے لیے عملی تربیت کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسباق کو محض درسی کتابوں تک محدود رکھنے کے بجائے تعلیمی آلات کے ذریعے بچوں کو سمجھانا نہایت مؤثر طریقہ ہے۔ ایسی نمائشیں بچوں میں تجسس، تخلیقی صلاحیت اور خود اعتمادی کو فروغ دیتی ہیں۔

تقریب میں شریک ایک اور مہمان، سرکاری ملازمین یونین کے خزانچی اور گاندھی نگر پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر وینکٹیش نائک نے کہا کہ اساتذہ کی محنت اور تعلیمی آلات کے مؤثر استعمال سے سرکاری اسکولوں کا معیار دن بہ دن بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بچوں کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اسکول کی ہیڈ مسٹریس صبیحہ بانو نے بتایا کہ اس نمائش کا مقصد طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور تدریسی سرگرمیوں کو عملی شکل دینا ہے۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ مختلف تعلیمی آلات کی نمائش کی گئی، جسے دیکھنے کے لیے تشریف لائے والدین نے بھرپور سراہا۔

اسکول ٹیچر دنیش وینکٹ رمن ہیگڈے نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ آخر میں مالنی آر نائک نے اظہارِ تشکر کیا۔

تقریب میں پرائمری اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رکن ایم ڈی رفیق سمیت مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ، بالخصوص منیرہ خانم، نازیہ بانو، ایوب خان، غالب آؤٹی، سیدہ فاطمہ اور ایس ڈی ایم سی رکن ایوب خان وغیرہ موجود تھے۔


Share: