منگلورو ،29 / ستمبر (ایس او نیوز) شہر میں زیورات کی دکان کے ملازم سے سونے کی سلاخ لوٹنے کے سلسلے میں منگلورو نارتھ پولس نے سی سی بی ٹیم کے ساتھ مل کر اس واردات میں شامل پانچ افراد کو گرفتار کیا ۔
پولیس کے مطابق آج شہر کے اُلال سے گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت فریش (18 سال)، صفوان (23 سال) اور عرفات علی (18 سال) اور فراز (19 سال) کے طور پر کی گئی ہے جبکہ پانچویں ملزم کے طور پر ہمپن کٹہ میں واقع چوائس گولڈ کی دکان پر کام کرنے والے ایک نابالغ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ واردات 26 ستمبر کی رات کو اس وقت پیش آئی تھی جب چوائس گولڈ کا ملازم مصطفیٰ اپنے اسکوٹر (KA-19EZ-2079) کی سیٹ کے نیچے چھپائی گئی گولڈ بار لے جا رہا تھا ۔ تقریباً 8:45 بجے کار اسٹریٹ پر سری وینکٹرامنا مندر کے قریب بدمعاشوں کے ایک گروہ نے اسے روک لیا اوراسکوٹر پر آئے ہوئے دو ملزمان نے مصطفیٰ کا راستہ روکا اور کار میں آئے دوسرے ملزمین نے اسے اغوا کر لیا ۔ پھر اس پر حملہ کیا گیا اور بعد میں سونے کی سلاخ چھیننے کے بعد اسے ایککور میں چھوڑ دیا گیا ۔
پولیس کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ زیورات کی دکان میں ملازمت کرنے والے نوعمر ملزم نے فریش کو گولڈ بار لے جانے کے بارے میں آگاہ کیا تھا ۔ اس اطلاع پر عمل کرتے ہوئے ملزمان نے مصطفی کو لوٹنے کی پہلے سے منصوبہ بند سازش رچی اور اس پر بڑی صفائی کے ساتھ عمل کیا گیا ۔
پولیس نے جرم میں استعمال ہونے والی اسکوٹر (KA-19HT-8545) ضبط کرلی ہے۔ باقی ملزمان کی گرفتاری اور کار اور مسروقہ مال برآمد کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔
ملزمین کی شناخت اور ان کی گرفتاری کی یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم اینڈ ٹریفک)، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، سنٹرل سب ڈویژن اور سی سی بی یونٹ کی رہنمائی میں منگلورو نارتھ پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے سی سی بی ٹیم کے ساتھ مشترکہ اقدام کرتے ہوئے انجام دی ۔