منگلورو، 22 فروری(ایس او نیوز) بہن بھائیوں کے ساتھ لوڈو کھیلتے ہوئے پلاسٹک کا کوئین گلے میں پھنس جانے سے آٹھ سالہ بچی کی موت واقع ہونے کا دل دہلا دینے والا واقعہ تھوکّوٹو کے قریب کولیا میں پیش آیا۔ اطلاع کے مطابق کھیل کے دوران بچی نے مخروطی شکل کا پلاسٹک سکہ منہ میں ڈال لیا اور غلطی سے اسے نگل گئی، تاہم سکہ گلے میں اٹک گیا جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے وہ ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران ہی دم توڑ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ سنیچر کی دوپہر پیش آیا۔
متوفیہ کی شناخت تنوشکا (8) کے طور پر کی گئی ہے، جو راجیش گٹی اور راجیشوری کی دوسری بیٹی تھی۔ خاندان کا اصل تعلق پڑوسی ریاست کیرالہ کے ضلع کاسرگوڈ کے مادھور اُلیاتھڈکا سے بتایا گیا ہے۔
تنوشکا کی والدہ اُلال کے ایک اسکول میں بطور ٹیچر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ اپنی ملازمت کے مقام کے قریب رہائش اختیار کرنے کے لیے خاندان سمیت کولیا کے ایک کرایہ کے مکان میں منتقل ہوئی تھیں۔ ہفتہ کی دوپہر اسکول میں تعطیل ہونے کے باعث تنوشکا اپنے بڑے بھائی اور چھوٹے بہن بھائی کے ساتھ گھر میں لوڈو کھیل رہی تھی کہ اسی دوران یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ پلاسٹک سکہ نگلنے کے بعد اسے اچانک سانس لینے میں شدید دشواری ہونے لگی اور اس کی حالت بگڑ گئی۔
گھبراہٹ کے عالم میں والدہ نے پڑوسیوں کی مدد سے بچی کو فوری طور پر تھوکّوٹو کے ایک نجی اسپتال پہنچایا۔ بعد ازاں اسے مزید علاج کے لیے دیرلاکٹے کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پوسٹ مارٹم کے دوران بچی کے پھیپھڑوں میں مخروطی شکل کا پلاسٹک کھلونا پھنسا ہوا پایا گیا۔
تنوشکا تھوکّوٹو کے سینٹ سباسٹین ہائی اسکول کی دوسری جماعت کی ذہین طالبہ تھی۔ اس کی اچانک موت سے والدین اور پورا خاندان شدید صدمے سے دوچار ہے۔ اطلاع ملتے ہی والدین کی حالت بھی بگڑ گئی اور انہیں بھی اسپتال میں داخل کرانا