ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل نور مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے فورلین کا کام شروع؛ کیا ایک ماہ میں مکمل ہوگا؟

بھٹکل نور مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے فورلین کا کام شروع؛ کیا ایک ماہ میں مکمل ہوگا؟

Mon, 23 Feb 2026 18:32:21    S O News
بھٹکل نور مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے فورلین کا کام شروع؛ کیا ایک ماہ میں مکمل ہوگا؟

بھٹکل 23 فروری (ایس او نیوز): سنہ 2013 سے جاری نیشنل ہائی وے 66 کے فورلین منصوبے کا کام، جسے ابتدائی طور پر 2017 تک مکمل کیا جانا تھا، ایک دہائی گزرنے کے باوجود تاخیر کا شکار رہا ہے۔ متعدد جائزہ اجلاسوں، عوامی نمائندوں کی بارہا توجہ دہانی اور شہریوں کی شکایات کے بعد اب بھٹکل شہر کے مرکزی مقام شمس الدین سرکل کے قریب نور مسجد کے سامنے سڑک کی توسیع اور ہمواری کا کام باضابطہ طور پر شروع کردیا گیا ہے۔ جے سی بی مشینوں اور ارتھ موورز کی مدد سے مٹی ہٹانے اور زمین کو برابر کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس سے طویل عرصے سے رکے ہوئے اس اہم حصے میں پیش رفت کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر محترمہ لکشمی پریا نے گزشتہ ماہ بھٹکل میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ شہر کی حدود میں فورلین کا کام آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اگر کام بلا رکاوٹ جاری رہا تو کم از کم اس مرحلے کو آئندہ ایک ماہ میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔

bhatkal-nh-66-2

قابل ذکر ہے کہ تقریباً چار سال قبل  شمس الدین سرکل، بس اسٹینڈ اور نوائط کالونی اسٹریج پر نصب اسٹریٹ لائٹس کو ہٹا دیا گیا تھا۔ اُس وقت یقین دلایا گیا تھا کہ ہائی وے کا فورلین  تعمیراتی کام مکمل ہوتے ہی لائٹس دوبارہ نصب کردی جائیں گی، تاہم نہ سڑک مکمل ہوسکی اور نہ ہی روشنی بحال کی گئی، جس کے باعث قومی شاہراہ کا یہ حصہ طویل عرصے سے اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔  نامکمل کام کے ساتھ ہائی وے اندھیرے میں ڈوبے ہونے  کی وجہ سے  بھی حادثات میں  اضافہ  ہورہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔

اب نور مسجد کے سامنے جاری تیز رفتار کام کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگ  امید ظاہر کررہے ہیں کہ اگر اس بار مقررہ مدت میں کام مکمل ہوجاتا ہے تو کم از کم شہر کے اس اہم حصے میں   ٹریفک نظام بھی بہتر ہوگا اوراسٹریٹ لائٹس کی فوری بحالی بھی ممکن ہوسکے گی اور طویل عرصے سے قائم اندھیرے کا خاتمہ ہوگا۔ البتہ  ان سب کے باوجود عوام اب بھی سوال کررہے ہیں کہ اس اہم ترین عوامی  جگہ پر جہاں سرکاری بس اسٹائنڈ بھی ہے، سروس روڈ کب تعمیر ہوگا ؟ آیا سروس روڈ ہائی وے کے روڈ میپ میں ہے بھی یا نہیں ؟ 


Share: