بھٹکل، 4 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل صدیق اسٹریٹ میں واقع تنظیم ہال میں جمعرات کو گلوبل انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن، انکولہ کی جانب سے فوڈ سیفٹی کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں ہوٹلوں، کینٹینوں، بیکریوں اور دیگر فوڈ بزنس سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق تربیتی کیمپ کو دو حصوں—صبح اور دوپہر—میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں تقریباً سو سو افراد نے حصہ لیا۔ شرکاء کو فوڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں، صفائی و ستھرائی کے معیار، خوراک کے محفوظ ذخیرے اور لائسنسنگ کے قواعد سے متعلق عملی تربیت دی گئی، جس کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے سرٹیفیکیٹ بھی جاری کیے گئے۔

پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راحیلہ ثناء پٹیل کی جانب سے پودے کو پانی دے کر کیا گیا۔ تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے صدارت کی، جبکہ جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، ورکشاپ کوآرڈینیٹر شمش نوید سندری، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر منوج نائک، گلوبل انسٹی ٹیوٹ اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ اینڈ سرٹیفکیشن سینٹر کے متعدد اسٹاف اراکین موجود رہے۔
ٹرینر دیپا شنکری نے فوڈ سیفٹی قوانین، FSSAI اصولوں اور فوڈ ہینڈلنگ کے درست طریقوں پر تفصیلی لیکچر دیا۔ پروگرام کی نظامت راگھویندرا شٹی (ریاستی ہیڈ، گلوبل انسٹی ٹیوٹ) نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ“تمام فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOs)، چاہے چھوٹے ہوں یا بڑے، کیلئے مناسب لائسنس یا رجسٹریشن لینا لازمی ہے۔” تقریب کا اختتام شام پانچ بجے ہوا۔