مینگلور، یکم جنوری (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ بنٹوال کے وٹلا کلڈکا روڈ پر واقع ایک الیکٹرانکس کی دکان میں بدھ کی دیر رات کو زبردست آگ لگ گئی جس کی وجہ سے دکان کی عمارت جل کر خاکستر ہوگئی۔
بتایا جاتا ہے کہ سری الیکٹرانکس نامی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور کچھ ہی منٹوں میں تیزی سے پھیل گئی اور پوری دکان کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے بشمول ایک درزی کی دکان، امیت ہوٹل اور گنیش ڈرائیونگ اسکول دیگر قریبی تجارتی اداروں کو بھی نقصان پہنچا۔ شبہ ہے کہ آگ شارٹ سرکیوٹ کے باعث لگی ہوگی۔
چونکہ آس پاس میں کئی دکانیں اور تجارتی یونٹس واقع ہیں اس لیے آگ کے مزید پھیلنے کا شدید خطرہ تھا۔
آتشزدگی کے واقعہ کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرنے کے اقدامات کیے۔
فائر اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا۔ چونکہ وٹلا کے پاس اپنا فائر اسٹیشن نہیں ہے اس لیے پتور یا بی سی روڈ سے فائر ٹینڈرز کو طلب کرنا پڑا۔ پتور کے فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کا آپریشن کیا اور آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔
اس واقعے میں مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔