سرسی 9 / مارچ (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے اہم ترین کوآپریٹیو بینکوں میں شامل کینرا ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک (کے ڈی سی سی) کے لئے ڈائریکٹرز اور صدر و نائب صدر کے انتخابات آئندہ چند مہینوں میں منعقد ہونے والے ہیں اور اس میں صدارت کا عہدہ حاصل کرنے کے لئے اس مرتبہ سابق وزیر شیورام ہیبار اور موجودہ وزیر منکال وئیدیا کے بیچ ٹکراو ہونے کے امکانات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ مرتبہ بی جے پی لیڈر شیورام ہیبار کو کے ڈی سی سی بینک کی صدارت کا عہدہ حاصل کرنے میں منکال وئیدیا کی طرف سے تعاون فراہم کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ شیورام ہیبار بی جے پی میں رہتے ہوئے بھی اس سے دور ہوگئے ہیں اور کانگریس کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری طرف منکال وئیدیا کے پاس برسر اقتدار کانگریس پارٹی کا وزارتی قلمدان ہے۔
اس پس منظر میں معتبر ذرائع سے خبریں آ رہی ہیں کہ کے ڈی سی سی کی ڈائریکٹرشپ کے لئے ضلع کے دیگر کوآپریٹیو بینکوں کے ڈائریکٹرز کو ووٹنگ کا حق حاصل ہوتا ہے اس لئے منکال گروپ اور ہیبار گروپ نے ضلع کے مختلف کوآپریٹیو بینکوں میں اپنے اپنے حامیوں کو بڑی تعداد میں ڈائریکٹرشپ کے انتخابات میں کامیابی دلائی ہے، تا کہ کے ڈی سی سی کے انتخابات میں اپنے من پسند ڈائریکٹرز کو جیت دلائی جا سکے اور اس کے بل بوتے پر صدر اور نائب صدر کے منصب پر قبضہ جمایا جا سکے۔
معلوم ہوا ہے کہ شیو رام ہیبار اور منکال وئیدیا نے کے ڈی سی سی صدر کا انتخاب جیتنے کے لئے اپنا اپنا لائحہ عمل طے کر لیا ہے جس کے تحت ہیبار کانگریس سے وابستہ ڈائریکٹرز سے قربت بنا رہے ہیں اور انہی کے بل پر صدر کے عہدے پر اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ بی جے پی والے ان سے ناراض ہیں۔
میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق شیورام ہیبار کے ساتھ بی جے پی کارکنان کی ناراضگی کا فائدہ اٹھانے کے لئے منکال وئیدیا نے اپنی سیاسی وابستگی کو درکنار کرتے ہوئے بی جے پی کے رنگ والے ڈائریکٹرز کے ساتھ پینگیں بڑھانے میں سرگرم ہوگئے ہیں اور ان کے سہارے شیورام ہیبار کو عہدے سے اُتار کر خود کو اس منصب پر براجمان کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں ضلع کے ان دو بڑے سیاست دانوں کی رسہ کشی کیا رخ اختیار کرتی ہے اور ضلع کی سیاست پر اس کا کیا اثر پڑتا ہے۔