
ڈانڈیلی ،9 / اپریل (ایس او نیوز) شہر کے گاندھی نگر علاقے میں واقع ایک گھر سے پولیس نے کروڑوں روپے کے نقلی نوٹ برآمد کیے ۔
معلوم ہوا ہے کہ نورجان کی ملکیت والے اس گھر میں گوا سے تعلق رکھنے والا ارشد خان کرایے دار ہے ۔ گزشتہ ایک مہینے سے ارشد خان اس گھر میں نہیں آیا ۔ گھر کا پچھلا دروازہ ادھ کھلا نظر آیا تو مقامی لوگوں نے پولیس کو خبر کر دی ۔ جب پولیس نے وہاں پہنچ کر تلاشی تو پانچ سو کی مالیت والے نقلی نوٹوں کا ڈھیر پڑا ہوا ملا جس پر "ریورس بینک آف انڈیا"، اور "صرف فلم شوٹنگ کے لئے" لکھا ہوا ہے ۔ گورنر کے دستخط نہیں ہیں اور سیریئل نمبروں کی جگہ صرف صفر چھپے ہوئے ہیں ۔ پانچ سو روپوں کی مالیت کا حساب لگائیں تو بازیافت ہونے والے نقلی نوٹوں کے ڈھیر کی مالیت 14 کروڑ روپے بنتی ہے ۔ پولیس نے ان نقلی نوٹوں کو اپنے قبضے میں لیا ہے ۔ مکان میں رہنے والے کرایہ دار ارشد خان کو تحویل میں لینے کے لئے پولیس نے اس سے رابطہ کیا تو اس نے گوا میں موجود ہونے اور لوٹ کر ڈانڈیلی آنے کی بات کہی ہے ۔ ارشد خان کی تحویل اور تفتیش کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ اتنی بڑی مقدار میں نقلی نوٹوں کا ذخیرہ کرنے کا مقصد کیا ہے ۔