نئی دہلی ، 26/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ممبئی سمیت پورے ملک میں سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ عیدمیلاد کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کیلئے پولیس محکمہ نے خصوصی تیاری کی ہے۔ ساتھ ہی علاقائی سطحوں پر مقامی تنظیموں کی بھی مدد لی جارہی ہے تاکہ تہوار بخیر و عافیت اور امان و امان سے گزر جائے۔
دہلی، احمد آباد، لکھنؤ، سری نگر، ممبئی، کولکاتا، حیدر آباد، بنگلور اور دیگر شہروں میں مختلف جلوسوں کے پیشِ نظر ان شہروں کی ٹریفک پولیس نے امن و امان اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔ جلوس کے راستوں پر ٹریفک کے نظام میں بھی متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
شہروں کے گلی محلوں میں چراغاں کیا گیا ہے، مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ جلوس کیلئے گاڑیوں کو بھی خوبصورت انداز میں سجایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی مختلف شہروں میں عید میلادالنبیؐ کے جلوس روایتی جوش و خروش کے ساتھ نکالے جائیں گے۔ ان شہروں میں مقامی پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے سیکوریٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جلوس کے پیشِ نظر مذکورہ ممبئی، تھانے، بھیونڈی، احمد آباد، نئی دہلی اور لکھنؤ میں دوپہر ۲؍ سے رات ۱۲؍ بجے تک دو، تین اور چار پہیہ گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس دوران ان علاقوں میں گاڑیوں کی پارکنگ بھی ممنوع ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں جلوس کے راستوں پر سفر سے گریز کریں۔
صدرِ جمہوریہ دروپدی مورمو نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی۔ صدر نے اپنے پیغام میں کہاکہ ’’عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر میں ملک اور بیرونِ ملک مقیم تمام اہل وطن، خصوصاً مسلم بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ عید میلاد کا یہ تہوار پیغمبراسلام کی تعلیمات کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ ہم آپؐ کے اعلیٰ اصولوں سے رہنمائی حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں تعاون دیں۔