کاروار، 9 / نومبر (ایس او نیوز) کاروار- انکولہ حلقے کے رکن اسمبلی ستیش سئیل کے خلاف منگنیز کی غیر قانونی رفت اور منی لانڈرنگ معاملے کی تحقیقات کر رہے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کی 21 کروڑ روپے مالیت کی املاک ضبط کر لی ہے ۔
معلوم ہوا ہے ای ڈی نے 6 نومبر کو منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے)کے تحت عبوری حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق ستیش سئیل کی ملکیت والی گوا میں موجود شری ملیکارجن شپنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی (یس ایم ایس پی ایل) کی املاک کو ضبط کیا گیا ہے ۔
ضبط کی گئی املاک میں گوا کے مختلف مقامات پرموجود 12,500 اسکوائر میٹر کھلی جگہ، 16,850 اسکوائر میٹر زرعی املاک اور ہمہ منزلہ عمارت شامل ہے ۔ انفورسمنٹ ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی املاک کی مجموعی مالیت 21 کروڑ روپے ہے ۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ 2010 میں ہوئی کرناٹکا لوک آیوکتہ کی تحیقیقات سے شروع ہوا جس میں بیلاری سے لایا گیا اور بیلے کیری بندرگاہ میں ذخیرہ کیا گیا تقریباً 8 لاکھ ٹن خام لوہا غائب ہوا تھا جس کے بارے میں پتہ چلا ہے اسے غیر قانونی طور پر چین کو رفت کیا گیا ہے ۔
ای ڈی کا الزام ہے کہ "ستیش سئیل نے بندرگاہ کنزرویٹر سے ملی بھگت کرتے ہوئے ضبط کیا گیا خام لوہا حاصل کیا اور اسے ایم وی کولمبیا اور ایم منڈارین ہارویسٹ جیسے جہازوں کے ذریعے ہانگ کانگ میں قائم کی گئی ایک اور کمپنی کو تقریباً 1.54 لاکھ میٹرک ٹن خام لوہا ایکسپورٹ کیا تھا ۔"