ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر نیشنل ہائی وے پر نالیوں کی صفائی کا کام تیز؛ سرکل کے قریب کلورٹ میں پایا گیا بلاک

بھٹکل میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر نیشنل ہائی وے پر نالیوں کی صفائی کا کام تیز؛ سرکل کے قریب کلورٹ میں پایا گیا بلاک

Tue, 10 Jun 2025 23:58:46    S O News
بھٹکل میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر نیشنل ہائی وے پر نالیوں کی صفائی کا کام تیز؛ سرکل کے قریب کلورٹ میں پایا گیا بلاک

بھٹکل، 10 جون (ایس او نیوز): ساحلی کرناٹک میں بدھ سے شروع ہونے والی ممکنہ شدید بارش کے پیش نظر بھٹکل میں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی نے احتیاطی اقدامات کے تحت نالیوں کی صفائی کا کام تیز کردیا ہے۔ گذشتہ چند دنوں سے رنگین کٹے، نور مسجد، اور پٹرول پمپ کے اطراف واقع نالوں کو صاف کیا جارہا تھا تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی بہتر طریقے سے ممکن ہو سکے۔

تاہم، مسلسل صفائی کے باوجود ہلکی بارش ہوتے ہی رنگین کٹے اور شمس الدین سرکل کے قریب نیشنل ہائی وے پر پانی جمع ہونے کی شکایات برقرار تھیں۔ اس مسئلے کی تہہ تک جانے کے لئے جب سرکل کے قریب واقع پٹرول پمپ کے سامنے ایک بڑے کلورٹ کا ڈھکن کھولا گیا تو انکشاف ہوا کہ کلورٹ کے اندر سیمنٹ کے پتھروں سے راستہ بند کر دیا گیا تھا، جس کے باعث پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہو رہی تھی۔

bhatkal-culvert-2

منگل کے دن نیشنل ہائی وے کے ایک طرف کی ٹریفک بند کرکے کلورٹ اور نالی کی دوبارہ تعمیر کا کام شروع کیا گیا۔ کلورٹ کے اندر پائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں اب نئے پائپ بچھانے کا کام جاری ہے۔

اس تعلق سے جب بھٹکل میونسپل چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کلورٹ کو کس نے اور کیوں بلاک کیا، تاہم نیشنل ہائی وے پر پانی کی نکاسی کو یقینی بنانا نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کی ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں میونسپالٹی ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

bhatkal-culvert-3

دوپہر سے شام تک جاری اس کام کے دوران ہائی وے کے ایک طرف ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے سرکل کے آس پاس ٹریفک کی روانی متاثر رہی، البتہ پولیس نے موقع پر مناسب بندوبست کیا تھا۔ شام تک کام مکمل نہیں ہوسکا تھا، اس لئے بدھ کو بھی مرمتی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھٹکل سمیت پورے ساحلی کرناٹک میں 13، 14 اور 15 جون کو موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ کل 12 جون کو اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

Click here for report in English


Share: