ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا اعلان : بھٹکل میں قائم ہوگا ٹریفک پولیس اسٹیشن - انکولہ میں منتقل ہوگا ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل

کاروار میں وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا اعلان : بھٹکل میں قائم ہوگا ٹریفک پولیس اسٹیشن - انکولہ میں منتقل ہوگا ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل

Thu, 27 Mar 2025 13:56:04    S O News
کاروار میں وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا اعلان : بھٹکل میں قائم ہوگا ٹریفک پولیس اسٹیشن - انکولہ میں منتقل ہوگا ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل

کاروار،  27 / مارچ  (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے دورے پر آئے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے   کئی اہم اعلانات کیے جس میں ڈسٹرکٹ جیل کو کاروار سے انکولہ میں منتقل کرنے اور بھٹکل میں ٹریفک پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی بات بھی شامل ہے ۔
    
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دفتر کے ہال میں اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ اتر کنڑا میں 450 کلو میٹر لمبی نیشنل ہائی ویز ہیں ۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران سڑک حادثوں میں 589 افراد نے اپنی جان گنوائی ہے ۔ دس تا بارہ ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ضلع میں ہونے والے جرائم کی تعداد میں 50% حادثات کا حصہ ہے ۔ اس وجہ سے تعینات کیے جا رہے ٹریفک پولیس والوں کی تعداد بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ سڑکوں کے جن حصوں میں زیادہ حادثات ہوتے ہیں وہاں پر مسافروں کو چوکنا کرنے والے بورڈز لگانے اور ان حادثات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت پولیس افسران کو دی گئی ہے ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ ساحلی علاقے میں نیشنل ہائی وے موجود ہے ۔ اس وجہ سے ٹریفک مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ اس پر قابو پانے کے لئے  بھٹکل میں ٹریفک پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ محکمہ کی طرف سے اس پر غور کیا جا رہا ہے ۔ 
    
ڈاکٹر پرمیشور نے ضلع ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ ضلع میں زمین کھسکنے والے 429 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ضروری اقدامات اور متعلقہ محکمہ جات کے تعلق سے ضلع انتظامیہ کو تحریری طور پر حکومت کو تفصیل بھیجنی چاہیے ۔

home-minister-parmeshwar-karwar-police-dept-3
    انہوں نے افسران کو ضلع میں موجود قانونی و غیر قانونی ہوم اسٹے اور ریسارٹ، وہاں پر شراب فروخت کرنے کی اجازت ہونے یا نہ ہونے، وہاں پر منعقد ہونے والی پارٹیوں میں منشیات کےاستعمال وغیرہ  کے بارے میں تفصیل اکٹھا کرنے اور وہاں ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کرنے کی ہدایت دی ۔ 
    
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ ہرایک پولیس اسٹیشن میں ضلع میں غیر ملکیوں کی موجودگی، ان کی آمد و رفت، ان کے قیام اورسفری دستاویزات سے متعلق تمام تفصیلات اکٹھا کی جائیں ۔ 
    
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ضلع ہیڈ کوارٹر کاروار میں موجود ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل کو انکولہ میں منتقل کرنے کی کارروائی چل رہی ہے ۔ اس سے پہلے جیل کے ضروری زمین کی تحویل کا مسئلہ تھا، اب اسے حل کر لیا گیا ہے ۔ محمکہ ریوینیو کی طرف سے زمین فراہم کر دی گئی ہے ۔ محمکہ جیل کی طرف سے تجویز آنے پر وزارت داخلہ میں اس پر غور کیا جائے گا ۔ 
    
ڈاکٹر پرمیشور نے  ضلع ایس پی ایم نارائن کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اتر کنڑا میں پہلا سائبر کرائم یونٹ قائم کیا گیا ۔ ضلع ایس پی نے بڑی کوشش کرکے ایم ایل اے فنڈ سے پولیس عملے کے لئے 20 موٹر گاڑیاں حاصل کی ہیں ۔ انہوں نے ضلع میں موجود 1850 روڈی شیٹرس پر گہری نظر رکھنے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی حرکت پر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ 
    
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فائر بریگیڈ کی جو گاڑیاں 15 سال پرانی ہو چکی ہیں انہیں ٹھکانے لگاتے ہوئے ان کی جگہ پر 100 نئے فائر انجن خریدے گئے ہیں ۔ 
    
ہنی ٹریپنگ کے مسئلے پر بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر راجنّا نے جو شکایت کی ہے حکومت نے اس معاملے کو بڑی سنجیدگی سے لیا ہے ۔ ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس  سے اس ضمن میں مشورہ طلب کیا گیا ہے ۔  قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ 
    
ہوناور بندرگاہ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر داخل کیے گئے مقدمات واپس لینے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ابھی کوئی تجویز سامنے نہیں آئی ہے ۔ تجویز آنے پر محکمہ پولیس کی طرف سے اس کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ اس کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران اس پر اپنی رائے دیتے ہیں ۔ پھر اس کے بعد کابینہ میں اس تعلق سے فیصلہ کیا جاتا ہے اور عدالت میں کیس واپس لینے کے تعلق سے کارروائی کی جاتی ہے ۔ انکولہ کے شیرور میں پہاڑی کھسکنے والے حادثے کے تعلق سے آئی آر بی کمپنی پر جو کیس دائر کیا گیا ہے اس کے تعلق سے ڈاکٹر پرمیشور نے بتایا کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔     

home-minister-parmeshwar-karwar-police-dept-2
 


Share: