بھٹکل 18/جولائی (ایس او نیوز): معروف سماجی کارکن اور ڈائگنو میڈ کے منتظم شاکر حسین، جنہیں "ڈائگنو میڈ شاکر" کے نام سے جانا جاتا ہے، نے حال ہی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بھٹکل روٹری کلب کے نئے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا، جبکہ سماجی کارکن اور جالی پٹن پنچایت کے کونسلر مصباح الحق کو نیا سکریٹری مقرر کیا گیا۔
یہ تقریب بھٹکل کے آمینہ پیلس میں منعقد ہوئی، جس میں ذمہ داریوں کی رسمی منتقلی روٹریئن ناصر بورسدوالا کے ذریعے انجام دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے تجارتی دور میں انسانوں کے درمیان تعلقات کو قائم رکھنا اور فروغ دینا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’تعلقات کو قائم رکھنا ایک فن ہے اور روٹری کلب محض خدمت نہیں بلکہ انسانی روابط کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے۔‘‘
روٹری اسسٹنٹ گورنر مہیش کلیان پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روٹری کلب صرف میٹنگز یا تقریبات کے انعقاد کا پلیٹ فارم نہیں بلکہ خدمت، وابستگی اور یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے خیالات اور سوچ کے ساتھ کلب مزید بلندیوں کو چھوئے گا۔
اس موقع پر ایس ایس ایل سی امتحان میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے والے ہونہار طلباء، مختلف اسپتالوں میں طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی نرسوں، ملازمین اور ڈرائیونگ انسٹرکٹرس کو تہنیت پیش کی گئی اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
تقریب کی نظامت سینئر روٹریئن ڈاکٹر گوریش پڈوکونے نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں بھٹکل سرکاری اسپتال کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت، روٹری کلب کے سابق صدر اشتیاق حسن، سابق سکریٹری ڈاکٹر ظہیر کولا، روٹریئن راجیش نائک، سرینواس پڈیار، ایس۔ایم۔ خان، روی نمبیار اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔