ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دھرمستھلا میں متعدد لاشوں کا معاملہ : آگے بڑھتی ہوئی تحقیقات - شکایت کنندہ نے کی مختلف مشتبہ مقامات کی نشاندہی

دھرمستھلا میں متعدد لاشوں کا معاملہ : آگے بڑھتی ہوئی تحقیقات - شکایت کنندہ نے کی مختلف مشتبہ مقامات کی نشاندہی

Tue, 29 Jul 2025 11:34:38    S O News
دھرمستھلا میں متعدد لاشوں کا معاملہ : آگے بڑھتی ہوئی تحقیقات - شکایت کنندہ نے کی مختلف مشتبہ مقامات کی نشاندہی

بیلتنگڈی، 29 / جولائی  (ایس او نیوز) اغواء، عصمت دری اور قتل کے بعد دھرمستھلا میں مبینہ طور پر سیکڑوں خواتین کی لاشیں خفیہ طور پر دفنانے یا جلانے کی تحقیقات کے لئے تشکیل شدہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے کل دوپہر سے اپنی کارروائی آگے بڑھائی اور اس معاملے کی گواہی دینے کے لئے تیار ہوئے شکایت کنندہ کو ساتھ لے کر ان مقامات کا محضر (اسپاٹ انسپکشن) کیا جہاں لاشوں کو ٹھکانے لگانے کا دعویٰ شکایت کنندہ نے کیا تھا ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ کل کیے گئے محضر کے موقع پر شکایت کنندہ نے تحقیقاتی ٹیم کے افسران کو دھرمستھلا میں نیتراوتی ندی کے کنارے نہانے کے گھاٹ ، اس سے ذرا دور گھنے جنگلاتی علاقے اوردھرمستھلا اوجیرے ہائی وے کے پاس کے علاقے، دھرمستھلا کنیاڈی کے ایک نجی پلاٹ میں جملہ 13 مقامات دکھائے جہاں اس کے دعوے کے مطابق اس نے لاشوں کو ٹھکانے لگایا تھا ۔ پولیس نے ان مقامات پر سیریل نمبر لگاتے ہوئے اس کے اطراف ٹیپ لگا کر حفاظتی نشاندہی کی ہے ۔ 
    
اس کارروائی کے دوران ایس آئی ٹی کے افسران کے علاوہ محکمہ جنگلات، ایف ایس ایل اور ریوینیو سروے سے متعلقہ افسران موجود تھے ۔
    
مشتبہ مقامات کی نشاندہی اور جائزے کے موقع پر بڑی تعداد میں پولیس، کے ایس آر پی، اسپیشل ٹاسک فورس، اینٹی نکسل فورس کو حفاظتی بندوبست کے لئے تعینات کیا گیا تھا ۔ تفتیش کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کے لئے نیتراوتی ندی گھاٹ کے پاس اور راستے پر لوگوں کا بڑا ہجوم موجود تھا ۔ پولیس نے لوگوں کو متعلقہ مقامات سے بہت دور ہٹایا اور میڈیا والوں کو بھی زیادہ قریب آنے یا کالے کپڑوں اور نقاب میں منھ چھپائے ہوئے شکایت کنندہ گواہ سے بات چیت کرنے نہیں دیا گیا ۔
    
ایس آئی ٹی کی تفتیش کے موقع پر عام کیمروں سے ویڈیو گرافی کرنے کے علاوہ بینگلورو سے آئی ہوئی انٹرنل سیکیوریٹی کے شعبہ سے وابستہ سینٹر فار کاونٹر ٹیررزم کی ٹیم نے ڈرون کیمروں کی مدد سے پوری کارروائی کو ریکارڈ کیا ۔ نشان زدہ مقامات کی مسلسل نگرانی کے لئے اینٹی نکسل فورس کے پندرہ پندرہ اہلکاروں پر مشتمل دو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو دن اور رات میں الگ الگ حفاظتی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔ 
    
سمجھا جاتا ہے کہ آج منگل کے دن شکایت کنندہ گواہ کے ساتھ  دیگر مقامات کی نشاندہی کے لئے ان علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد ایس آئی ٹی کی طرف سے کسی بھی وقت نشان زدہ علاقوں میں کھدائی کرکے مبینہ طور پر دفنائی گئی لاشوں کے باقیات باہر نکالنے کی کارروائی انجام دی جائے گی ، جس کے لئے ایس آئی ٹیم نے ضروری عدالتی اجازت نامہ حاصل کر لیا ہے ۔ 


Share: