ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے افسران کو مردم شماری کا کام ذمہ داری سے نبھانے کی ہدایت

کاروار : ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے افسران کو مردم شماری کا کام ذمہ داری سے نبھانے کی ہدایت

Thu, 26 Feb 2026 20:19:21    S O News
کاروار : ضلع ڈپٹی کمشنر  کی طرف سے افسران کو مردم شماری کا کام ذمہ داری سے نبھانے کی ہدایت

کاروار 26 / فروری (ایس او نیوز) مردم شماری کے تعلق سے افسران کے لئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے کہا کہ گاوں سے لے کر ملک کی سطح پر سرکاری منصوبے تیار کرنے کے لئے  مردم شماری انتہائی اہم ہوتی ہے اس لئے اس کے لئے متعین کیے گئے افسران اور عملے کو پوری ذمہ داری کے ساتھ اس کام کو انجام دینا چاہیے۔
   
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی بنیاد پر ہی سرکار کی طرف سے آمدنی و خرچ کا خاکہ تیار کرنے، رہائش اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے جیسے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ اس لئے مردم شماری کی کارروائی کو پوری طرح واضح انداز میں اس طرح انجام دینا چاہیے کہ اس کے بعد اعداد و شمار میں کسی قسم کی الجھن نہ ہونے پائے۔ 
   
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس مرتبہ آزاد ہندوستان کی آٹھویں مردم شماری ہونے جا رہی ہے جو ڈیجیٹل موڈ میں کی جائے گی ۔ اسمارٹ فون کے ذریعے انجام دی جانے والی اس مردم  شماری کے لئے الگ ایپ تیار کیا گیا ہے اور اسی ایپ میں ہر گھر کے تعلق سے تقریباً 30 سوالوں کے جوابات درج کرنے ہونگے۔ 
   
انہوں نے کہا کہ یہ مردم شماری دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔ پہلا مرحلہ یکم اپریل سے 15 اپریل تک شہریوں کو ایپ کے ذریعے خود ہی آن لائن مردم شماری فارم پر ضروری معلومات بھرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ اس کے بعد 16 اپریل سے 16 مارچ تک مردم شماری کے لئے مامور کیا گیا عملہ گھر گھر پہنچ کر معلومات اکٹھا کرے گا ۔
   
ڈی سی نے بتایا کہ ضلع اتر کنڑا کے جوئیڈا میں اس وقت تجرباتی طور پر یہ کارروائی کامیابی کے ساتھ انجام دی جا چکی ہے ۔ اس دوران کسی قسم کا مسئلہ پیدا نہیں ہوا ۔ اس لئے مردم شماری کے لئے مامور کیے گئے تمام افسران اور عملے کو چاہیے کہ اس کارروائی کو مقررہ مدت کے اندر کامیابی کے ساتھ پورا کریں۔

 ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر دلیپ ششی نے کہا کہ مردم شماری کی کارروائی میں شامل ہونے کا موقع ہر کسی کو نہیں ملتا ۔ جنہیں یہ موقع ملا ہے ان کو چاہیے کہ اپنے ماتحت عملے کو ضروری تربیت دیں اور ان کی رہنمائی کرتے ہوئے اس کام کو پوری طرح کامیابی سے مکمل کریں۔ 
   
اس موقع پر بولتے ہوئے مردم شماری ڈائریکٹوریٹ بینگلورو کے جوائنٹ ڈائریکٹر شکتی کمار نے کہا کہ مردم شماری ملک کی سب سے بڑی مشقی کارروائی ہے ۔ کووڈ کی وجہ سے مردم شماری میں تاخیر ہوگئی ۔ اس مرتبہ ہونے والی مردم شماری مکمل طور پر آن لائن موڈ میں ہونے کی وجہ سے اس میں ترمیم کے لئے گنجائش نہیں رہے گی ۔ اس لئے مردم شماری کرنے والوں کو چاہیے کہ پوری احتیاط ساتھ معلومات داخل کریں ۔ یہ ملک میں سب سے نچلی سطح سے معلومات اکٹھا کرنا واحد پروگرام ہے ۔ اس وقت جو معلومات درج ہونگی اس کی بنیاد پر آئندہ دس سال کے لئے ملک کی ترقی کے منصوبے بنائے جائیں گے ۔ اس کام میں حصہ لینے والے ہر ایک شخص کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اسے انجام دینا ہوگا ۔ 
   
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا نے استقبال کیا ۔ ضلع کے نوڈل آفیسر رام کمار کے علاوہ ضلع کے تمام بلدی اداروں کے افسران ، تحصیلدار اور دیگر سرکاری افسران موجود تھے ۔


Share: